سندھ : عید کے بعد نوجوان کی بھی ویکسی نیشن، رجسٹریشن کے بغیر لگوانے کی اجازت

سندھ : عید کے بعد نوجوان کی بھی ویکسی نیشن، رجسٹریشن کے بغیر لگوانے کی اجازت

16 مئی سے 40 برس سے کم عمر والوں کو ویکسین لگے گی ،1166 پر میسج کا جواب آنا ضروری نہیں ،عوام فائدہ اٹھائیں ، کراچی ایکسپو سینٹر میں سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح ،یومیہ 30ہزار افراد کو ویکسین لگائی جائیگی:عذرا پیچوہو

کراچی(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کراچی کے ایکسپو سینٹر میں سندھ کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 مئی سے 40 سال سے کم عمر افراد کو بھی ویکسین لگے گی ،این سی او سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 70 ملین لوگوں کے لیے ویکسین دسمبر تک دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کوویکس ویکسین بھی آنے کی امید ہے ،بہت سی ویکسین مل چکی ہیں ، ویکسین لگانا بہت ضروری ہے ،شہری کورونا ایس او پیز کی احتیاط کریں ۔انہوں نے کہاکہ رجسٹریشن کا جواب موصول نہ ہونے پربھی کسی بھی مرکز میں جاکر ویکسین لگوائی جاسکتی ہے ،نام ڈیٹا سسٹم میں شامل کردیا جائے گا،1166 پر رابطہ نہیں ہوتا اس کے باوجود مراکز پر جاسکتے ہیں ،واک ان کا سسٹم کھول دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ویکسین کی عالمی سپلائی کم اور طلب زیادہ ہے ،ویکسین مینوفیکچرر سرکاری سطح پر ویکسین فراہم کررہے ہیں ،اسی لیے سندھ نے وفاق سے معاونت کی درخواست کی ہے ،چینی قونصل خانے کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ ٹو اسٹیٹ ویکسین دے رہے ہیں ،اسی لئے وفاقی حکومت کو کہا ہے کہ ہمیں ویکسین دلوائیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع شرقی میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح سب سے زیادہ ہے عوام اس ویکسی نیشن سینٹر کا فائدہ اٹھائیں ،این سی او سی میں فیصلہ ہوا ہے رواں سال کے آخر تک پورے ملک کے لیے 70 ملین ویکسین ڈوزز مہیا کی جائیں گی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی ایکسپو سینٹر میں ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر این سی او سی حکام، پارلیمانی سیکریٹری قاسم سراج سومرو، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔ حکومت سندھ کے تحت ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 4 کو ماس ویکسی نیشن سینٹر بنایا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا، جہاں 12رجسٹریشن کاؤنٹر بنائے گئے ہیں اورماس ویکسی نیشن سینٹر میں کورونا ویکسین لگانے کے لیے 96 کیوبیکل بنائے گئے ہیں،اس ماس ویکسی نیشن سینٹر میں ایک شفٹ میں 360 ہیلتھ کیئر ورکرز خدمات فراہم کریں گے ۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر غذراپیچوہو نے اس موقع پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ویکسین کی آمد کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ مراکز کھولے ہیں،جلد از جلد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانا چاہتے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں