پہلے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کا افتتاح، 50 مقامات پر فری وائی فائی کا آغاز: ہمارا کام بولے گا: مریم نواز

پہلے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کا افتتاح، 50 مقامات پر فری وائی فائی کا آغاز: ہمارا کام بولے گا: مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کے پہلے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن‘‘میری آواز، مریم نواز’’ کا افتتاح کردیا جبکہ ان کی ہدایت پر لاہور میں 100جدید ایمرجنسی پینک 15 بٹن کا اجرا کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے لاہور کے 50 مقامات پر فری وائی فائی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا جبکہ جنوبی ایشیا میں پہلی بارلاہور میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے 19 ٹریفک  خلاف ورزیوں پرچالان شروع ہوگئے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم کام کریں گے اورکرتے رہیں گے ،ہمارا کام بولے گا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن قائم کیا گیا اور وہاں آئی ٹی گریجویٹ خاتون پولیس کمیونیکیشن افسروں کو تعینات کیا گیا۔افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کا دورہ کیا اور ویمن کمیونیکشن افسروں سے ملاقات کی،مریم نواز نے خواتین افسروں کے لیے ہوسٹل اور ڈے کیئر سنٹر کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیرا طلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ خواتین 15 کال، ویمن سیفٹی ایپ لائیو چیٹ فیچر، ویڈیو کال فیچر، پنجاب پولیس ایپ اور سیف سٹی ویب پورٹل کے ذریعے ور چوئل پولیس سے رابطہ کر سکتی ہیں،ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں خواتین کی ہراسگی سمیت تمام درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ خواتین کو غیر ضروری طور پر تھانے کے چکر نہیں لگانا ہوں گے ،ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کوخواتین ویڈیو کال فیچر کے ذریعے اپنی لوکیشن سمیت درپیش مشکلات کی نشاندہی کر سکتی ہیں،یونیورسٹی اور کالجوں،مارکیٹ، چوراہوں اور بازاروں میں نصب پینک 15 بٹن دبا کر فوراً سیف سٹی سے رابطہ ممکن ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کے دوران پنجاب میں 50ہزارگھرانوں کو ون کے وی سولر سسٹم دینے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ شرو ع کرنے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل سولر سسٹم انسٹال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف گھروں میں ون کے وی سولر سسٹم لگا کر افادیت کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 100یونٹ تک بجلی خرچ کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین اہل ہونگے ۔

ون کے وی سسٹم میں، دو سولر پلٹیں،بیٹری، انورٹر،تاریں دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔ روشن گھرانہ پروگرام کا مقصدغریب آدمی کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہے ۔ادھر اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے ضمنی انتخابات میں حق رائے دہی کا صحیح استعمال کرنے پرعوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام نے ثابت کردیاکہ وہ اپنے ووٹ کے صحیح استعمال کا بھر پور شعور رکھتے ہیں،عوام جان چکے ہیں کہ ان کی ترقی کیلئے محمد نوازشریف کی قیادت ضروری ہے ،پنجاب کوآگے لیکر جائیں گے ،ترقی کا سفرہر روز تیز تر ہوگا،عوام نے شفاف انتخاب میں مسلم لیگ (ن)کو بھرپور اعتماد سے نوازا ہے ۔وزیراعلیٰ نے انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ، پولیس اوردیگر اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے ‘‘ارتھ ڈے 2024’’پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ زمین تباہ ہوئی تو انسان اور کوئی جاندار بھی زندہ نہیں بچے گا۔ پنجاب حکومت نے ‘‘ارتھ ڈے ’’سے پہلے ماحول دوست گرینڈپلان پر عمل درآمد کا آغاز کیا ہے ۔ زمین انسانوں اور جانداروں کا گھر، حفاظت و بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،‘‘پلاسٹک کو ناں’’مہم کا آغاز کر دیا، 5 جون سے پنجاب بھر میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پابندی ہو گی۔ صوبہ پنجاب کو سرسبز بنانے، سموگ، زہریلے دھوئیں سے پاک کرنے اور انسانی صحت بہتر بنانے کے تاریخی اقدامات پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں