ضمنی الیکشن کا ڈھونگ رچایا گیا، پی ٹی آئی کا جمعہ کو ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان

ضمنی الیکشن کا ڈھونگ رچایا گیا، پی ٹی آئی کا جمعہ کو ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، آئی این پی، این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔۔۔

 اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ایک ڈھونگ رچایا گیا، الیکشن کے روز انٹرنیٹ سروسز بند کر دی گئی، ضمنی انتخابات میں گجرات پولنگ سٹیشن میں ہمیں روکا گیا،ایک پولنگ سٹیشن پر امیدوار  کے والد نے کہا کہ ووٹ تو پہلے ہی ڈالے جا چکے ہیں الیکشن کمیشن نے اس سارے عمل میں کچھ بھی نہیں کیا،کمشنر راولپنڈی نے اعترافی بیان دیا اس کے بعد معاملہ دبا دیا گیا۔ پنجاب میں کھلی دھاندلی ہوئی ، موجودہ الیکشن کمیشن اور حکومت پنجاب پر آرٹیکل 6 کے پرچے ہونے چاہئیں،آئین کی حکمرانی تک تحریک جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ 700ووٹ والے پولنگ سٹیشن میں 900سے زائد ووٹ ڈالے گئے ، الیکشن کمیشن حکام نے خود بتایا کہ دھاندلی جاری ہے ، عمر ایوب نے کہاکہ ہماری فیملیز کو ہراساں کیا جا رہا ہے ، ڈی پی او گجرات کی زیر نگرانی یہ بربریت اور ظلم کیا گیا،ڈی آئی جی گجرات، ایس ایس پی، ایس پی اور دیگر اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہے ہیں،ان تمام افسران نے الیکشن میں کھلم کھلا دھاندلی کی۔عمر ایوب نے کہا کہ شہباز شریف نے کم اور اس کی جگہ لڑنے والے امیدوار نے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما ؤں نے کہا کہ اندرون سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی بھرپور جلسے کریں گے ، جب تک ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی تحریک جاری رہے گی ۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے پنجاب میں جیت کے نوٹیفکیشن روکے جائیں، الیکشن کمیشن نے عدلیہ سے آر اوز کیوں نہیں لیے ؟۔ سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ موجودہ الیکشن کمیشن اور حکومت کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آرز درج ہونی چاہئیں کیونکہ آئینِ پاکستان کااِتنا کُھلم کُھلا استحصال ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں