غزہ کی تعمیر نو کا تخمینہ 40ارب ڈالر تک پہنچ گیا:اقوام متحدہ

 غزہ کی تعمیر نو کا تخمینہ 40ارب ڈالر تک پہنچ گیا:اقوام متحدہ

غزہ ،واشنگٹن (اے ایف پی،رائٹرز)اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل عبداللہ الداراری نے کہا کہ تباہ حال غزہ کی تعمیر نو کا تخمینہ 30 ارب ڈالر سے بڑھ کر 40 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ۔

یہ ایک ایسا مشن ہے جس سے عالمی برادری نے دوسری جنگ عظیم کے بعدنہیں نمٹا ۔ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی بربریت میں 28افراد شہید ، 51زخمی ہو گئے ۔صیہونی حملوں میں ابتک 34ہزار596فلسطینی شہید ، 77ہزار 816زخمی ہو چکے ۔امریکی پولیس نے جمعرات کو کیلیفورنیا یونیورسٹی میں دھاوابول کر فلسطینیوں کی حمایت میں لگایا گیا احتجاجی کیمپ خالی کرا دیا ، خیمے اکھاڑ دئیے ،جھڑپوں کے دوران بیسیوں طلبا کو گرفتار کر لیا جبکہ30سے زائد امریکی یونیورسٹیوں میں تعلیمی و تحقیقی کام متاثر ہے ۔ عراقی یونیورسٹیوں کے درجنوں طلبا اور پروفیسرز نے امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کے حامی مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مثبت جذبے کے ساتھ جنگ بندی کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ اسرائیلی صدر نے غزہ جنگ پر امریکی یونیورسٹیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے نفرت اور یہود دشمنی سے آلودہ ہیں۔حماس نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے کولمبیا کے فیصلے کو فتح قرار دیتے ہوئے صدر گسٹاو پیٹرو کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اسرائیلیوں نے چند ہفتوں میں فلسطینیوں کے 450 مویشی چرائے ۔مغربی کنارے میں انتہا پسند یہودی فوجی وردی میں وارداتیں کر رہے ہیں۔تل ابیب میں وزیراعظم نیتن یاہو کے قافلے پر حملے کی کوشش کرنے والے ایک اسرائیلی شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں