وزیراعلیٰ پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کریں اگلے روز گورنر راج لگا دینگے:وفاقی وزرا

وزیراعلیٰ پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کریں اگلے روز گورنر راج لگا دینگے:وفاقی وزرا

لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما ووفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شہریار آفریدی کے بیان نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کا شوق پورا کر لیں، ہم اگلے روز گورنر راج لگا کر عقل ٹھکانے لگا دیں گے جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ طاقت کی دھمکیوں سے کسی کو فائدہ ہوا ہے نہ ہوگا،علی امین گنڈا پور نے پہلی بار اسلام آباد پر قبضے کی بات نہیں کی، ایسی باتوں کا نتیجہ پہلے بھی عوام کے سامنے ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اینڈ کمپنی پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر آئی اور اب بھی پاؤں پڑنے کی کوشش میں ہے ، اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں پاگل پن اور فاشسٹ ذہنیت کی عکاسی ،پی ٹی آئی جب تک سیاسی سوچ پیدا نہیں کرے گی اس سے مذاکرات نہیں ہوں گے ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی بات چیت پر یقین رکھتے ہیں،گرین پاکستان انیشیٹو کانفرنس میں تمام قوتوں نے ملکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا اعادہ کیا ہے ، افواج پاکستان عوامی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، 3 بلین ڈالر کے بلاسود قرضے حاصل کرنے والوں کے نام سامنے آنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کے خلاف سخت کارروائی کا قانون ایک دو روز کی دوری پر ہے ، یوریا کھاد کی قیمت میں بلاجواز اضافہ واپس کرائیں گے ۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جو رویہ ہے وہ قوم دیکھ چکی، عدالتی معاملات کو عدالت اور سیاسی معاملات کو ڈائیلاگ سے حل کرنا چاہئے ،جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے مذاکرات ضروری ہیں،گندم خریداری پر سپیشل کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو تین دن بعد رپورٹ پیش کرے گی، گندم کی خریداری کا معاملہ حل کیا جائے گا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں