ایف بی آر کا بڑا اقدام،5لاکھ سے زائد ٹیکس نادہندگان کی موبائل سمز بند کرنیکا فیصلہ

ایف بی آر کا بڑا اقدام،5لاکھ سے زائد ٹیکس نادہندگان کی موبائل سمز بند کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد(نمائندہ دنیا،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ٹیکس نادہندگان (نان فائلرز)کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 5 لاکھ سے زائد افراد کی موبائل فون سمز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کردیا۔

 ایف بی آر کے مطابق 5 لاکھ 6 ہزار 671 سے زائد افراد کی موبائل فون سمز بند کرنے کے لیے نشاندہی کرلی گئی یہ افراد انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہونے کے باجود فائل نہیں کر رہے ۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے مطابق 5 لاکھ سے زائد افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل نہیں ہیں جن کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ایف بی آر نے یہ احکامات انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کی شق 114 بی کے تحت جاری کیے ۔ ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کنکشنز کسی بھی وقت بند کیے جاسکتے ہیں ۔ پی ٹی اے اور تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ٹیکس نادہندگان کی موبائل فون سمز بند کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ا یف بی آر نے ٹیلی کام کمپنیوں اور پی ٹی اے سے سمز بند کرنے کی عملدرآمد رپورٹ 15 مئی تک طلب کرلی ۔ ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کے نام مشتہر بھی کردئیے ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق ان افراد کے موبائل نمبر ایف بی آر اور اس کے علاقائی دفتر کے احکامات پر بحال ہوں گے موبائل فون سمز کی بندش کے لیے ایف بی آر کے آرڈر کی کاپی ٹیلی کام کمپنیوں اور پی ٹی اے کو بھجوا دی گئی۔ ایف بی آر کے متعلقہ حکام سے کہا گیا کہ ان افراد کے نام ویب سائٹ پر ڈال دئیے جائیں۔ایف بی آر کا کہنا ہے ایف بی آر کا مقصد انفورسمنٹ اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ٹیکس کی بنیاد کو مضبوط کرنا ہے ، ایف بی آر ملک میں منصفانہ اور مساویانہ ٹیکس سسٹم کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ۔ ایف بی آر نے بتایا یہ تمام افراد 2023 کیلئے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرکے اپنی موبائل فون سروسز بحال کرائیں، موبائل فون ایف بی آر یا متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی طرف سے بحال کیے جاسکیں گے ۔ ٹیکس نادہندگان کی سمز بند کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا گیا۔ ایف بی آر کی جانب سے آئی ایم ایف کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جس کے باعث نان ایکٹو ٹیکس پیئرز کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں