وزیراعلیٰ سے ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او کی ملاقات،صحت سہولتوں کیلئے اشتراک کار پر اتفاق

وزیراعلیٰ سے ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او کی ملاقات،صحت سہولتوں کیلئے اشتراک کار پر اتفاق

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات اولین ترجیح ہے ۔ دیہات کے عوام کیلئے 32 فیلڈ ہسپتال فنکشنل کر دیئے ہیں ، پانچ سال کے اندر ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آر ٹ ہسپتال بنا نے کا ہدف پورا کرینگے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملاقات کرنیوالی ڈبلیو ایچ اوکی ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی بحیرہ روم ڈاکٹر حنان بلخی (Dr Hanan Balkhy)سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران صحت کی بہتر سہولتوں کے لئے اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حنان بلخی نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں آباد افراد کو وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات ضروری ہیں، قدرتی آفات کی ہنگامی صورتحال میں صحت کی بروقت سہولیات فراہم کرنے میں ڈبلیو ایچ او تعاون فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر حنان بلخی نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نواز کو مبارکباد پیش کی جبکہ وزیر اعلیٰ نے انہیں بھی ڈبلیو ایچ اوکی ریجنل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ مریم نواز نے ہیلتھ سیکٹر خصوصی طور پر عوام میں انفیکشن کنٹرول کے حوالے سے ڈاکٹر حنان بلخی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ اورعلاج کے لیے ڈبلیو ایچ او کے ساتھ مکمل تعاون اور معاونت کی جائے گی۔

دریں اثنا آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار کیلئے شہید ہونے والے برصغیر کے پہلے صحافی مولوی محمد باقر کو سلام اور دور آمریت میں حریت فکر کا علم بلند کرنے والے ہر صحافی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ،معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے آزادی صحافت ضروری ہے ،آزادی صحافت کیلئے احساس ذمہ داری ناگزیر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نے اجتماعی شعور بیدار کرنے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، جمہوریت اور شفافیت کے لئے آزادی اظہارِ رائے لازم ہے ،حکومت پنجاب صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے ۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے چلاس ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیا ع پر اظہارافسوس کرتے ہوئے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا جبکہ حادثے میں زخمی افراد کی صحتیابی کیلئے دعا کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں