اسحاق ڈار سے سعودی ،مصری ،کویتی وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں

 اسحاق ڈار سے سعودی ،مصری ،کویتی وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان نے گیمبیا کے شہر بنجول میں 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا،نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے ,,وژن 2030,,کی تعریف کی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں نئی رفتار کی نمائندگی کرتا ہے ۔ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ، دریں اثنا اسحاق ڈار سے کویتی وزیر خارجہ سلیم عبداللہ الجابر الصباح نے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے دوطرفہ تعاون کے شعبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا ،تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ، نائب وزیراعظم نے مصر کے وزیر خارجہ سامح حسن شکری سے بھی ملاقات کی دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور مصر کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پربات چیت کی ،فریقین نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی اہمیت کا اعادہ کیا ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے نائجر کے وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی ہے ، ملاقات میں دوطرفہ بات چیت اور خاص طور پر اقتصادی شعبہ میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، اسحاق ڈار سے بنجول شہر کے لارڈ میئر روہی مالک لو نے ملاقات کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں