صدر نے 3صوبوں میں نئے گورنرکے تقررکی منظوری دیدی

صدر نے 3صوبوں میں نئے گورنرکے تقررکی منظوری دیدی

اسلام آباد،لاہور،پشاور(سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے بھجوائے گئے گورنرپنجاب کیلئے پیپلزپارٹی کے رہنما سردار سلیم حیدر خان ،گورنر خیبر پختونخوا کیلئے پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی اور گورنر بلوچستان کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما جعفر خان مندو خیل کے ناموں کی منظوری دیتے ہوئے انہیں گورنر تعینات کردیا۔

صدر مملکت نے تینوں گورنروں کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101(ایک)کے تحت دی جبکہ خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے حلف اٹھالیا ،تقریب حلف برادری میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پوراور صوبائی وزرا نے شرکت نہیں کی ،گورنرپنجابسردار سلیم حیدر خان آج حلف اٹھائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے گورنرزکی تعیناتی کیلئے ناموں کی سمری صدر مملکت کو مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی منظوری کے بعد ارسال کی ۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن کے رہنما بلیغ الرحمٰن ،خیبر پختونخوا میں جے یو آئی (ف)کے نامزد کردہ حاجی غلام علی اوربلوچستان میں نیشنل پارٹی (مینگل گروپ) کے رہنما ملک عبدالولی خان کاکڑ گورنرکی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے ۔پنجاب کے نامز د گورنر سردار سلیم حیدرخان 2008 میں اٹک سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اوروہ 2008 میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔خیبرپختونخوا کے نئے گورنر فیصل کریم کنڈی 2008 کی قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر رہ چکے ہیں جبکہ وہ پی ڈی ایم کی حکومت میں وزیراعظم کے مشیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔بلوچستان میں تعینات ہونیوالے گورنر جعفرخان مندوخیل مسلم لیگ ن کے رہنما ہیں اور وہ 2013 سے 2018تک مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر بلوچستان کے رکن اسمبلی تھے جبکہ مسلم لیگ ن نے انہیں 2023میں مسلم لیگ ن بلوچستان کا صدر منتخب کیاتھا۔

صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتوں میں شامل ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے رہنما کامران ٹیسوری بطور گورنر خدمات انجام دے رہے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کے عہدے کیلئے مسلم لیگ ن کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر مرزا اشتیاق بیگ کی حمایت کر رہی ہے تاہم ان کیلئے کامران ٹیسوری کو ہٹانا مشکل ہوگا کیونکہ اس فیصلے سے وفاقی حکومت کو حاصل ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت متاثر ہوسکتی ہے ۔فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کے 40ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے فیصل کریم کنڈی سے حلف لیا ۔تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی ،جس میں پیپلز پارٹی کے قائدین، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام اور اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پوراور صوبائی وزرا تقریب سے غیر حاضر رہے ،اس موقع پرگورنر ہاؤس پیپلز پارٹی کے جیالوں کی نعرے بازی سے گونج اٹھا۔

گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ پارٹی کے اعتماد کی وجہ سے کے پی کے میں جیالا گورنر آیا ہے ،مرکزاورصوبے کے درمیان میں پل کا کردارادا کروں گا، ہم صوبے اور مرکز کے درمیان محاذ آرائی نہیں چاہتے اور مالی بحران ختم کرنے کیلئے تمام جماعتوں کے پاس جاؤں گا۔فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کو مل کر چلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں مل کر صوبے کیلئے جدوجہد کریں ،مشترکہ جنگ لڑ کر اس کو حقوق دلوائیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی مصروفیات ہوسکتی ہیں کہ وہ میری تقریب حلف برداری میں نہیں آئے مگر اب انہیں دعوت ہے کہ آئیں اور ملکر چلیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجا ب کیلئے سردارسلیم حیدر خان نے گزشتہ رو ز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی،دونوں نے چیئرمین سے اظہارتشکرکیا ۔پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدرخان آج شام 6بجے گورنر ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کے دوران حلف اٹھائیں گے ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ شہزاد خان سردار سلیم حید ر سے گورنر کے عہدے کا حلف لیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں