2لاکھ مریضوں کو گھر کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائیں گے:مریم نواز

2لاکھ مریضوں کو گھر کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائیں گے:مریم نواز

لاہور (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر کے لئے فری میڈیسن ڈیلیوری پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا اور خود ادویات لیکر مریضوں کے گھر پہنچ گئیں۔

 مریم نواز نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ حکومت نے میڈیسن ہوم ڈلیوری پراجیکٹ کا دائرہ کار پنجاب کے تمام شہروں تک بڑھا دیا ہے ،دو لاکھ مریضوں کو انکی دہلیز پر دوائیاں فراہم کی جائیں گی۔ ہیپاٹائیٹس، ٹی بی اور دل کے امراض کی ادوایات کا دوہ ماہ کا سٹاک مریضوں کے گھروں میں ڈلیور کیا جائے گا ، ن لیگ کی حکومت کے پراجیکٹس کو تباہ کرنے کیلئے فتنے آجاتے ہیں اورپھر ملک کا ایسا حال ہوتا ہے جہاں ہم آج کھڑے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب گزشتہ روز فری میڈیسن ڈیلیوری پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد شادمان کچی آبادی سروسز کوارٹرز کی تنگ گلیوں سے گزر کر دل کی مریضہ رسولاں بی بی کے گھر پہنچ گئیں، وزیراعلٰی کو دیکھ کر رسولاں بی بی خوشی سے جذباتی ہوگئیں ۔ رسولاں بی بی نے خوشی سے نہال ہوکر کہا کہ میری بیٹی میرے لیے دوائیاں لیکر خود آ گئی۔ مریم نواز شادمان کچی آبادی میں ہی دل کے مریض منور ملک کے گھر بھی گئیں اور ٹی سی ایس رائیڈر کے ساتھ منور ملک کو ادویات پیش کیں ۔ منور ملک نے گفتگو کرتے کہا کہ مریم نواز کا شکریہ،اب ہمیں ہسپتالوں میں دھکے نہیں کھانے پڑیں گے ۔

مریم نواز نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں سہولت مرکز کا بھی افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ نے ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی رجسٹریشن کے عمل کا دوبارہ باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے ادویات کا معیار چیک کرنے کے لئے قائم ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے کرومیٹو گرافی، ڈرگ ریلیز لیب، ڈرگ سیمپل ریسونگ ایریا اور ہیپاٹائٹس ریفرنس کم پبلک ہیلتھ لیب کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایف ایم صحت زندگی کا بھی دورہ کیا اورپوڈ کاسٹ ریکارڈ کروایا۔ مریم نواز نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈویلپمنٹ ونگ کا سنگ بنیاد رکھا اور وہاں ڈاکٹرز کے لئے وین کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ آٹھ ہفتے کی قلیل مدت میں اتنابڑا عوامی فلاح و بہبود کا پراجیکٹ شروع کیا،نوازشریف اور شہباز شریف کو اللہ تعالیٰ جزاء دے جنہوں نے 2013سے 2018کے دوران گھروں میں ادویات ڈیلیوری کا پراجیکٹ شروع کیا لیکن سابق حکومت نے اس پراجیکٹ کو ختم کر دیا، سابق دور حکومت میں وزراء اپنی تنخواہیں لیتے رہے اورغریبوں کی ادویات بند کردیں۔

نواز شریف اور شہباز شریف کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہی ہوں،چاہتی ہوں پانچ سال بعد پنجاب میں کوئی شخص علاج کی سہولت سے محروم رہے نہ مریضوں کو ہسپتال میں دھکے کھانے پڑیں۔ دیہی عوام کوان کی دہلیز پر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 32 فیلڈ ہسپتالوں کو فنکشنل کر دیا ، بہت جلد کلینک آن ویل پراجیکٹ کا آغاز کر دیا جائے گا، لاہور میں پہلا سرکاری سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال بنا رہے ہیں جہاں فری علاج مہیا کیا جائے گا،وزیر صحت کو ایک سال میں کینسر ہسپتال کا آؤٹ ڈور فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے ، غریب مریضوں کیلئے آئندہ چند ہفتوں میں ایئر ایمبولینس منصوبہ شروع ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرا خواب ہے کسی بھی مریض کو علاج اور دوائی کیلئے دربدر نہ پھرنا پڑے ۔ انہوں نے پراجیکٹ کے کامیاب آغاز پر سیکرٹری ہیلتھ سمیت ڈیپارٹمنٹ کے افسروں کو شاباش دی۔

دریں اثنا مریم نواز نے انٹر نیشنل فا ئر فائٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فائر فائٹرز ڈے آتشزدگی میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے فائر فائٹرز کی قربانیوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے ،ہر بہادر فائر فائٹرکو سلام پیش کرتی ہوں،اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کے لئے بھڑکتی آگ میں کود جانے والے اصل ہیرو ہیں،بلند و بالا عما ر تو ں کو آتشزدگی سے بچا نے کے لئے بلڈنگ سیفٹی لاز پر عملدرآمد یقینی بنا ئینگے ، ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے راجن پور میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے کہاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے اوردرندہ صفت ملزم کو کڑی سزا دلوائی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں