اربوں کی سرمایہ کاری،50رکنی سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا:دوطرفہ ملازمتیں پیدا ہونگی برآمدات کو فروغ ملے گا:وزیرتجارت

اربوں کی سرمایہ کاری،50رکنی سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا:دوطرفہ ملازمتیں پیدا ہونگی برآمدات کو فروغ ملے گا:وزیرتجارت

اسلام آباد (دنیا نیوز ، نیوزایجنسیاں) 50رکنی سعودی تجارتی وفد سرمایہ کاری کے باہمی تعاون کیلئے پاکستان پہنچ گیا ، سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ایچ ای ابراہیم المبارک کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفد کے دورہ پاکستان کے دور ان 10 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔

 وفد سعودی فرمانروا اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے ، وفد میں سعودی عرب کی کاروباری تجارتی اور سرمایہ کار شخصیات شامل ہیں ،دورے کے دوران ہونے والی بزنس ٹو بزنس میٹنگز میں زراعت، کان کنی، انسانی وسائل، توانائی، کیمیکلز اور میری ٹائم کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی ، سعودی وفد سے ملاقاتوں میں ریفائنری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مذہبی سیاحت، ٹیلی کام، ایوی ایشن، تعمیرات، پانی اور بجلی کی پیداوار جیسے امور بھی زیر بحث آئیں گے ، سعودی وفد میں 30 سے زائد کمپنیوں کے سرمایہ کاروں سمیت 50 ارکان شامل ہیں ، وفد میں سعود ی عرب کی آئی ٹی، میرین، مائننگ، تیل و گیس کی تلاش، ادویات سازی، ایوی ایشن کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز بھی شامل ہیں ،فنانس، زراعت، ٹیلی کمیونیکیشن، تعمیرات، لاجسٹک سروسز، پراپرٹی ڈویلپرز، ریٹیلرز اور دیگر کمپنیوں کے سربراہان بھی وفد کا حصہ ہیں ، اس دوران ریکوڈک منصوبے پر بھی بات چیت متوقع ہے ، اس حوالے سے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ سعودی وفد کے دورے سے دوطرفہ ملازمتیں پیدا ہونگی جبکہ تجارتی تعلقات اور برآمدات کو بھی فروغ ملے گا، اعلیٰ پاکستانی کمپنیاں 30سعودی کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں سے منسلک ہوں گی ، وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی اور پاکستانی کمپنیاں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گی ،جہاں اس دورے کا مقصد دوطرفہ ملازمتیں پیدا کرنا اوربرآمدات کو فروغ دینا ہے۔

وزارت تجارت نے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے لئے متعلقہ شعبوں میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمپنیوں کا انتخاب کیا ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں اپنے کاروبار اور سرمایہ کاری کی تجاویز سعودی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کریں گی، توقع ہے کہ بی ٹو بی سیشن کے دوران متعدد کمپنیاں کاروبار اور سرمایہ کاری کے معاہدے کرنے کے قابل ہوں گی ، پہلی بار دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان تجارتی معاملات براہ راست طے کیے جائیں گے ۔ 50رکنی سعودی تجارتی وفد آج خصوصی کانفرنس میں شرکت کرے گا ،پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کا ابتدائی سیشن آج شروع ہو گا، جس سے سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری خطاب کریں گے ، کانفرنس میں پاکستانی حکام سعودی وفد کو متوقع سرمایہ کاری کے شعبوں پر بریفنگ دیں گے اور وزیر تجارت بھی ابتدائی سیشن کے اختتام پر شرکا سے خطاب کریں گے ،قبل ازیں سعودی وفد نور خان ا یئر بیس پہنچے تو وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیرِ پٹر ولیم مصدق ملک نے استقبال کیا ، ننھے بچوں نے مہمانوں کو گلدستے پیش کئے ، اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی سفارت خا نے کے حکام کے ساتھ ایئر پورٹ پر موجود تھے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں