ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے جدید ترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ناگزیر :مریم نواز

ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے جدید ترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ناگزیر :مریم نواز

لاہور، فیروز والہ (سیاسی رپورٹرسے ،تحصیل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاہدرہ میٹروبس اسٹیشن ری ماڈلنگ پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر انہوں نے میٹروبس سروس سمیت پبلک ٹرانسپورٹ میں مزید بہتری کی ہدایت کی اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے جدید ترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ناگزیر ہے ، پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال سے ماحولیاتی  آلودگی کم ہوسکتی ہے ،لاہور میں جلد الیکٹرک بسیں لا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شاہدرہ میٹرو بس اسٹیشن کا دورہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے لیڈیز کیلئے قائم کاؤنٹر پر تعینات خواتین سٹاف سے بات چیت کرتے کہا کہ مجھے آپ پر فخر ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز بعدازاں اچانک میٹرو بس پرسوار ہوگئیں اورقذافی سٹیڈیم تک سفر کیا اور صورتحال کا خود جائزہ لیا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ احمدجاوید قاضی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹرو بس میں ایک ارب 36کروڑ سے زائدمسافر سفر کر چکے ہیں، روزانہ ایک لاکھ 76 ہزارسے زائد افراد سفر کرتے ہیں ۔

بعدازاں مریم نواز نے جمنیزیم میں پہلی چیف منسٹر پنک گیمزکی اختتامی تقریب میں شرکت کی اورفاتح لاہورکالج فاروویمن یونیورسٹی کی ٹیم کو ٹرافی،کامیاب 321 ٹیموں کو کیش پرائز چیک اور دیگر انعامات بھی دیئے ۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ بیٹیوں کے لیے فری موٹر بائیکس سکیم لارہے ہیں، لڑکیوں نے اپلائی نہیں کیا کہ گھر والے چلانے نہیں دیتے ، والدین بیٹیوں پر اعتماد کریں اورانہیں اجازت دیدیں۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ بنی ہی آپ لوگو ں کے لیے ہوں،آپکا ٹیلنٹ دیکھ کر خوشی ہوئی، آپ دنیا پر راج کریں گی ، وزیر کھیل کو کہا ہے پنک گیمز کو پورے پنجاب میں پھیلائیں،بچیوں کے لئے جم، گراؤنڈ اوردیگر سہولتیں دیں گے ،کھیل کے لیے لاہور نہیں آنا پڑے گا، مجھے اختتامی تقریب میں بلایا نہیں گیا پر بیٹیوں سے ملنے میٹرو بس کے ذریعے آ گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنک گیمز کے بعد پنجاب لیگ بھی لا رہے ہیں جس میں دس لاکھ کھلاڑی حصہ لیں گے ، پنجاب لیگ کو صوبہ بھر میں لے جائیں گے ۔ ادھر جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجن (Park Kijun)نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ۔اس دوران باہمی اشتراک کار پر اتفاق اوردوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مریم نواز نے گفتگو میں کہا کہ صنعتی ترقی کیلئے کوریا کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، جدید زراعت، پیداواری صلاحیت بڑھانے میں کوریا سے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ،پنجاب میں زراعت اور مائننگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا وسیع پوٹینشل موجود ہے ۔ دوسری طرف مریم نوازنے تاندلیانوالا میں مبینہ طور پرزہریلی چیز کھانے سے ماں اور 3بیٹیوں سمیت 5افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ہے ، انہوں نے المناک واقعے کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں