سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیارہر صورت بہترین کرینگے:مریم نواز
لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایجوکیشن ریفارمز کے پانچ سالہ پلان کا ماہانہ شیڈول طلب کرلیا اور پرائمری سکول ہیڈز کو 32298 کمپیوٹر ٹیب دینے کی منظوری دے دی۔
ان کاکہناتھاکہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار ہرصورت بہترین کرینگے ۔وزیر اعلی ٰمریم نوازشریف کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس گزشتہ روز ہوا، جس میں پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ایک ہزارایلیمنٹری سکولوں میں ایس ٹی ای ایم آئی ٹی اینڈ سائنس لیب قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک 100ملین ڈالر کی مالی معاونت کرے گا،سرکاری سکولوں کے 3لاکھ بچوں کو گوگل سرٹیفکیشن کیلئے معاہدے کی اصولی منظوری بھی دی گئی،ڈیجیٹل سفر برائے ٹیک ویلی پراجیکٹ کے تحت طلبہ کو گوگل سرٹیفکیشن کے مواقع ملیں گے ۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 92فیصد سے زائد مفت کتابیں ڈلیور کی جاچکی ہیں۔لاہور کے مسائل سے متعلق اجلاس میں مریم نواز نے لاہور میں 36 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کو روکنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں شریک مختلف محکموں کے افسروں سے استفسار کیا کہ کیا خطیر رقم لگانے سے لاہورکے مسائل مستقل طور پرحل ہوجائیں گے ۔سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈپٹی کمشنر لاہوررافعہ حیدر سمیت دیگر افسر وزیراعلیٰ پنجاب کو مطمئن نہ کرسکے ۔ وزیراعلیٰ نے ٹینڈر جاری کرنے سے منع کرتے ہوئے ترقیاتی سکیموں کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایات جاری کردیں ۔ بعدازاں مریم نواز سے جرمنی کی ملٹی نیشنل کمپنی میٹرو کی سینئر وائس پریذیڈنٹ ای ون جولیٹا بولو نے ملاقات کی ،جس میں میٹرو اور پنجاب حکومت کے درمیان روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ماحول میسر ہے ،سرمایہ کاری کیلئے بھرپور معاونت کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ژوب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر بابر خان کو خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا۔