ملاوٹ،ذخیرہ اندوزی منافع خوری کا سدباب:مریم نواز کا پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اعلان

ملاوٹ،ذخیرہ اندوزی منافع خوری کا سدباب:مریم نواز کا پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اعلان

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ملاوٹ ،ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خاتمے کیلئے پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کردیا اوراس ضمن میں ضروری اقدامات کا آغازکردیاگیاہے۔

جبکہ مریم نوازشریف نے عید الاضحی پر عمدہ کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور ان کی ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہاکہ دل سے اپنی پوری ٹیم سے خوش ہوں اور دل سے شاباش دیتی ہوں،اسی جوش و جذبے  سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رہنا چاہئے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی اعلان کردہ پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کا مقصد شہریوں کو سرکاری نرخ پر اشیا کی فروخت یقینی بنانا ہے ،اتھارٹی کھانے پینے کی اشیا کا معیار چیک کرے گی، ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی نگرانی کرے گی اورصوبے بھر میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے چیکنگ کرے گی، اتھارٹی کو جرمانے کرنے کا اختیار ہوگا۔ اتھارٹی اشیا کے معیار اور ان کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کے حوالے سے اقدامات کرے گی،صوبے میں قوانین کی عمل داری یقینی بنانا بھی پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی،اتھارٹی نا جائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے انتظامیہ سے مل کر ضروری اقدامات بھی کرے گی۔دوسری طرف وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس گزشتہ روز ہوا، جس میں صوبے بھر میں عید الاضحی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے مجموعی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا ۔

مریم نوازشریف کا کہناتھاکہ کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور اے سی ہفتے میں ایک دن عوام کے لئے مخصوص کریں، ہسپتالوں اور سکولوں کے باقاعدگی سے وزٹ کریں،ہر ڈسٹرکٹ میں عید کی طرح مانیٹرنگ کے لئے مستقل کنٹرول روم ہونا چاہئے ۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق ،انچارج سی ایم کمپلینٹ سیل شعیب مرزا اور معاونین خصوصی ذیشان ملک اور راشد نصر اللہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہاکہ میڈیا، عوامی نمائندوں اور عوام کی طرف سے عید کی صفائی پر مثبت رد عمل کا مظاہرہ کیا گیا،قائد محمد نوازشریف نے خود وزٹ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور سراہا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی تعریف ہمارے لئے اعزازکے مترادف ہے ۔ عید پرصفائی کا جو معیار قائم کیا گیا اسے ہر صورت قائم رکھنا ہوگا۔ مریم نواز نے کہاکہ فیول پرائس کم ہونے پر کرایوں میں کمی کا ریلیف عوام کو ملنا چا ہئے ۔محرم الحرام، فلڈ اورممکنہ بارشوں کے پیش نظرپیشگی انتظامات کئے جائیں،عام آدمی کو بنیادی اشیا خور ونوش کی سستے داموں فراہمی کے لئے پائیدار میکانزم بنایا جائے ۔ ایک وزیر اعلیٰ نے حسرت سے کہا کہ کاش ہماری بیوروکریسی اور ایڈمنسٹریشن پنجاب کی طرح ہوجائے ، کسی کے ساتھ سختی سے پیش نہیں آنا چاہتی،سختی کروں تو دل پر بوجھ ہوتا ہے ،عوام کے حقوق کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ اور قوم کو جوابدہ ہوں، عوام کا مفاد اور سہولت ہر امر پر مقدم ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں