امن و امان کے قیام میں غفلت ناقابل برداشت:شہبازشریف

امن و امان کے قیام میں غفلت ناقابل برداشت:شہبازشریف

اسلام آباد (اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز اور منشیات اور دھماکا خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کے لیے قائم شدہ 9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے ،وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل پریزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، ملک میں امن وامان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا، اس کے علاوہ موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم اور محسن نقوی کے مابین آپریشن عزم استحکام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں