قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شجاعت کی حلف برداری

قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شجاعت کی حلف برداری

لاہور(کورٹ رپورٹر،سپیشل رپورٹر )جسٹس شجاعت علی خان نے قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف اٹھالیا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جسٹس شجاعت علی خان سے حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ،صوبائی وزرا، لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی،جسٹس عالیہ نیلم سمیت تمام ججز شریک ہوئے ، قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شجاعت علی خان نے حلف اٹھانے کے بعدپروٹوکول اور گارڈ آف آنر لینے سے انکار کردیا اور بغیر پروٹوکول کے لاہور ہائیکورٹ پہنچے ، جسٹس شجاعت علی خان اپنی عدالت کورٹ روم نمبر 2 سے ہی بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض سرانجام دیں گے ۔حلف کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان نے کہا سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس سید منصور علی شاہ کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے سائلین کو انصاف کی فراہمی جاری رکھیں گے آئی ٹی سے استفادہ کیے بغیر سائلین کو انصاف کی بروقت فراہمی ممکن نہیں ،جسٹس سید منصور علی شاہ کے دور میں قائم اے ڈی آر سسٹم کو مکمل فعال کیا جائے گا، جسٹس شجاعت علی خان 27 مارچ 2012 کو ہائیکورٹ کے جج تعینات ہوئے ، انھوں نے 1995 میں ایل ایل بی پنجاب یونیورسٹی سے کیا، جسٹس شجاعت علی خان 2006 سے لیکر 2012 تک اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل جبکہ جنوری 2012 سے لیکر 26 مارچ 2012 تک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل تعینات رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں