ہونہا رسکالر شپ پروگرام ،نئی یونیورسٹیوں کی منظوری ،نجی شعبے کو سہولیات دیں:مریم نواز

ہونہا رسکالر شپ پروگرام ،نئی یونیورسٹیوں کی منظوری ،نجی شعبے کو سہولیات دیں:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے پنجاب ہونہار میرٹ سکالر شپ پروگرام اور جہلم،وہاڑی اور بہاولنگر میں نئی یونیورسٹیوں کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ نے ہائرایجوکیشن کے امور سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہونہار سکالر شپ کی تعداد 4ہزار سے بڑھا کر 25ہزار اور لیپ ٹاپ سکیم کے فوری اجرا کی ہدایت کی، سرکاری اور8منتخب پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے بی ایس کرنے والے طلبہ کی100فیصد فیس سکالر شپ سے ادا ہوں گی، اجلاس میں طلبہ کی کم تعداد والے کالجز میں نئے ڈسپلن متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی کے لئے آن لائن پورٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ،ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی خالصتاً میرٹ پر کرنے کیلئے فول پروف سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سرکاری کالجز میں نئی بسوں کی فراہمی کا پلان پیش کیا گیا، پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت یونیورسٹیوں کے قیام کی سفارشات کاجائزہ لیا گیا،اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر کو یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے حکومتی سطح پر سہولت دینے پر اتفاق کیا گیا،اجلاس میں نجی یونیورسٹیو ں کے امور کاجائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کی وزارتی کمیٹی قائم کرنے اورتعلیمی بورڈز کے امور میں ریفارمز کیلئے پنجاب بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے 90کالجز میں ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ فری کلاسز کے کامیاب پروگرام پرمسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کیلئے کالجز میں مفت ایم ڈی کیٹ او رای کیٹ کلاسز کا دائرہ کار بتدریج بڑھایاجائے ، ہائرایجوکیشن کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات دی جائیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے عالمی یوم امداد باہمی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا امداد باہمی کا مقصد وسائل کو یکساں عوام میں تقسیم کرنا بھی ہے ،پنجاب حکومت کوآپریٹو اداروں کو فعال اورمتحرک کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ، خواہش ہے کوآپریٹوادارے صوبہ بھر میں اپنے کردار کو مثالی بنائیں، امداد باہمی ادارے معاشرتی، اقتصادی اور ماحولیاتی فلاح و بہبود میں معاون ہوسکتے ہیں، وسائل کے مشترکہ استعمال کیلئے امداد باہمی ادارے قرض، زرعی آلات اور مارکیٹنگ سروسز فراہم کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں