فلورملز ہڑتال ختم کرنے پر خیرمقدم،جائز مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرونگی:مریم نواز

فلورملز ہڑتال ختم کرنے پر خیرمقدم،جائز مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرونگی:مریم نواز

لاہور ، مری (نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ فلورملز ایسوسی ایشن ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف پنجاب میں ہڑتال نہیں کرے گی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہونے والے مذاکرات میں فلورملز ایسوسی ایشن کی قیادت کو قائل کیا گیا۔ مریم نوازنے پنجاب میں ہڑتال نہ کرنے کے فیصلے پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور دیگر قائدین کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز نے ہڑتال کے نتیجے میں آٹے کی قلت اور عوام کے لئے روٹی مہنگی ہونے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آٹا اور روٹی مہنگی ہونے کا نقصان صرف غریب عوام کو ہوگا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے یقین دہانی کرائی کہ جائز تحفظات اور مسائل کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ماحولیات کی بہتری کے لئے پائیدار اقدامات اٹھاتے ہوئے پنجاب میں چیف منسٹر کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ سموگ کے مستقل سدباب کے لئے مل جل کر اقدامات کرنا ہوں گے ۔ سموگ فری پنجاب انیشی ایٹو کے تحت ینگ گریجوایٹس کمیونٹی سروس کی منفردخدمات سرانجام دیں گے ۔گزشتہ 2 سال میں اپنی ڈگری مکمل کرنے والے گریجوایٹ اپلائی کر سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چیف منسٹر پنجاب کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کے تحت انٹرنز کو ماہانہ 25 ہزار سکالرشپ دیا جائے گا۔کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کمیونٹی سروس اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام میں 20 جولائی 2024 تک رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے ۔ انٹرن شپ مکمل کرنے والے 18تا 25سال تک نوجوانوں کو کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اپیل کی کہ عوام سموگ کے سنجیدہ مسئلے کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ گاڑیوں اور کارخانوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائی جائے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور سے براستہ ایکسپریس وے مری پہنچیں جہاں سے وہ مری میں رکے بغیر ہی چھانگلہ گلی روانہ ہو گئیں کیونکہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف پہلے ہی سے چھانگلہ گلی میں واقع رہائش گاہ میں قیام پذیر ہیں، نواز شریف نے مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس آج مری میں طلب کر رکھا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں