شہادت حسینؓدرس،دعا ہے اللہ پاکستان کو مشکلات سے نکالے:صدر وزیراعظم

شہادت حسینؓدرس،دعا ہے اللہ پاکستان کو مشکلات سے نکالے:صدر وزیراعظم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اے پی پی)صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔

 اﷲ سے دعا ہے وہ ہمیں انکے نقش قدم پر چلنے اور اسلام و پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کوشش کرنے کی توفیق عطا فرمائے اورپاکستان کو مشکلات سے نکالے ۔یوم عاشور پر پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے ، ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔ امام حسین ؓاور ان کے وفادار ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ کر اسلامی اقدار کے احیا اور امت مسلمہ کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج ہمارے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے ۔ پوری قوم سے صبر،محنت کرنے اور انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا شہادت امام حسینؓ ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ، آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے ۔ فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کے لیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے اور قربانیاں دے رہے ہیں۔ فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہہ رہے ہیں۔ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے اس مشکل میں ضروری ہے ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں اس بات کا تجزیہ کرنا چاہئے وہ کون سے عناصر ہیں جو اپنے خود غرضانہ مفادات کے لئے معاشرے کے وجود اور اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔ اﷲ سے دعا ہے وہ ہمیں امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری قوم کو ہر قسم کے شر اور مشکلات سے نجات دلائے ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا نواسہ رسول کی قربانی کا سبق ہے کہ حق کی حفاظت اپنی جان کی حفاظت سے زیادہ ضروری ہے ،جب بھی کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں امام حسین ؓاور شہدائے کربلا کی بے مثال جرت، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں