ارشد ندیم کی کامیابی قوم کا فخر،نوجوانوں کی ترقی خوشحال معاشرے کیلئے اہم :آرمی چیف

ارشد ندیم کی کامیابی قوم کا فخر،نوجوانوں کی ترقی خوشحال معاشرے کیلئے اہم :آرمی چیف

راولپنڈی ،لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر ،سپیشل رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف سے پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

 جس میں کھیلوں کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی پوری قوم کیلئے فخر ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اولمپئن ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔آرمی چیف نے ارشد ندیم کو سنگلز ایونٹ میں پاکستان کے لئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد دی اور ارشد ندیم کے عزم، استقامت اور بہترین کارکردگی کو سراہا۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی پوری قوم کیلئے فخر ہے ، ارشد ندیم کی کامیابی سے پوری قوم کو خوشیاں ملیں۔آرمی چیف نے نوجوانوں کی ترقی کو خوشحال معاشرے کے لئے اہم قرار دیا اور کہا کہ ارشد کا آغاز سے عظمت کے حصول تک کا سفر متاثر کن رہا۔اس موقع پر ارشد ندیم نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔

تقریب میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیم ، قومی کرکٹ ٹیم، اسٹریٹ فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بصارت سے محروم کرکٹر اور کامن ویلتھ کے میڈل جیتنے والے ، ایس اے ایف ،ایشین گیمز اور پیرس اولمپکس 2024 کے شرکاء سمیت کھیلوں کی ٹیموں اور لیجنڈری اولمپیئنز نے شرکت کی۔تقریب میں لیجنڈ جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف ،اعصام الحق اور دیگر بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر ارشد ندیم کے قریبی رشتہ دار، دوست اور کوچز بھی موجود تھے ۔دریں اثنا آج لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان قومی ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے ، ارشد ندیم کو بگھی پر بٹھا کر تقریب میں لایا جائے گا،گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے کا چیک دیں گے ،تقریب میں صوبائی وزرا پیپلزپارٹی کے رہنما اور دیگر شخصیات بھی شرکت کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں