سپیکر نے کے الیکٹرک کی خاتون افسر کے لباس بارے نازیبا ریمارکس پر نوٹس لے لیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کے الیکٹرک کی خاتون افسر کے لباس بارے نازیبا ریمارکس کا نوٹس لے لیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے معزز خاتون افسر کے لباس سے متعلق اعتراض پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، اپوزیشن رکن اسمبلی اقبال آفریدی کے تبصرے اور اعتراض کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی جو معاملے کے حقائق تلاش کرے گی۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر قانون و انصاف کمیٹی کے سربراہ ہونگے، کمیٹی کے دیگر ممبران میں سید نوید قمر، سید امین الحق، ملک محمد عامر ڈوگر اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہوں گے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پارلیمانی پارٹیوں کی 5 خواتین ممبران کو بھی شامل کرنے کی مجاز ہو گی، تحقیقاتی کمیٹی 15 دن میں سپیکر کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

یاد رہے کہ اقبال آفریدی نے قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کی خاتون افسر کے لباس پر اعتراض کیا تھا جبکہ خواتین ارکان اسمبلی نے بھی اقبال افریدی کے اس رویئے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں