شہباز شریف کی امیرقطراوروزیراعظم سے ملاقاتیں

شہباز شریف کی امیرقطراوروزیراعظم سے ملاقاتیں

اسلام آباد،دوحہ(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور قطر نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ اور سٹرٹیجک تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

 وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روزدوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے وفود کی سطح پر ملاقات کی ،دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے وسیع معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبد الرحمٰن آل ثانی سے ملاقات میں تعاون کو فروغ دینے اور ترقی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔تفصیلات کے مطابق امیرقطر تمیم بن حمد الثانی اوروزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اورقطر کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے نئے ممکنہ تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بالخصوص اسرائیل کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کی جنگ اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ اورامدادی سامان کی ترسیل کو جاری رکھنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ قطرکے امیرکے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ۔بعدازاں شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ہمراہ قطر میوزیم میں منظر آرٹ گیلری کا دورہ کیا ،بعدازاںشہباز شریف اور شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی نے دوحہ میں ’’منظر‘‘نمائش کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ غیر ملکی دورہ مکمل کرکے آج وطن واپس پہنچیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں