پنجاب کا بینہ:ملکی تاریخ کی پہلی پنجاب روڈز سیفٹی اتھارٹی قائم کرنیکی منظوری

پنجاب کا بینہ:ملکی تاریخ کی پہلی پنجاب روڈز سیفٹی اتھارٹی قائم کرنیکی منظوری

لاہور(سٹی رپورٹر،سٹاف رپورٹر سے )پنجاب کابینہ نے پہلی پنجاب روڈز سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ،پہلی پنجاب روڈز سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری کیساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں گوردواروں اور دیگر اقلیتی عبادت گاہوں کی بحالی کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اور سب سے بڑا سپر سیڈر پراجیکٹ لانچ کر دیا ،5 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈرز تقسیم کے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے 60 روز میں ہرتحصیل میں کاشت کار کے لئے زیرو پرافٹ پر جدید زرعی آلات کی رینٹل سروس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق مریم نوازشریف نے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں ایک تقریب کے دوران کاشتکاروں میں سپر سیڈرز کی تقسیم کا آغاز کیااور ہر تحصیل میں جدید زرعی آلات رینٹل سروسز شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 60 روز میں کاشت کار کے لئے زیرو پرافٹ پر جدید زرعی آلات کی رینٹل سروس شروع کی جائے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کاکہنا تھا کہ ترقی کا راستہ کھیت سے ہو کر گزرتا ہے اور کسان ان کے دل کے بہت قریب ہے ، سڑکیں اور انفراسٹرکچر بننے سے ترقی کا آغاز ہوتا ہے ، جنگلہ بس کہنے والوں نے خود میٹرو کا ناکام پراجیکٹ بنایا جسے روز آگ لگ جاتی تھی،کشمیر سے لوگ پنجا ب میں سستی روٹی اور مہنگائی کم ہونے کی وجہ سے آرہے ہیں۔ مہنگائی کم کرنے کے لئے دل میں عوام کا درد ہو نا ضروری ہے ، گالی دینے سے پیٹ نہیں بھرتا،دن رات کام کرنے سے ہی عوام کے مسئلے حل ہوتے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ 26 ویں ترمیم اور چیف جسٹس کو نہ ماننے والے تقریب حلف برداری میں پہلے آکربیٹھے تھے ، اب چپ کر کے گھر بیٹھ جاؤ، اب تم نے اقتدار میں نہیں آنا۔

ان کاکہناتھاکہ سموگ سے بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں اسی لئے سموگ کو ختم کرنے میں عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے ،سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے ذریعے چمنی سے دھواں دیکھ کر فوری ایکشن ہو تا ہے ۔دریں اثنا وزیراطلاعات پنجاب عظمی ٰ بخاری سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نوا ز نے صحافیوں کو3200پلاٹس دینے کا فیصلہ کیااور اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ۔ مریم نواز نے وزیر اطلاعات کو جرنلسٹ کالونی لاہور فیز ٹو کے لیے فوری اقدامات اُٹھانے اور جلد تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کا حکم بھی دیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ صحافی اور حکومت ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں ،صحافیوں کو پلاٹ دے کر احسان نہیں کررہے یہ ان کا حق ہے ۔ اس ضمن میں وزارت اطلاعات پنجاب نے لاہور پریس کلب کے علاہ دیگر لاہور کے صحافیوں سے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس حوالے سے اگلے دو تین روز میں باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 19واں اجلاس ہوا،جس میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی پنجاب روڈز سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، پی آر ایس اے روڈز سیفٹی، وہیکلز سیفٹی،ٹرانسپورٹ ایجنسی کے قیام اورڈرائیورنگ ٹریننگ سکول کے لئے اقدامات سمیت دیگر امورکی نگرانی کرے گی ۔ پی آرایس اے کی 14رکنی سپیشل کمیٹی کی سربراہی منسٹر ٹرانسپورٹ کریں گے ۔وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں گوردواروں اور دیگر اقلیتی عبادت گاہوں کی بحالی کا حکم دیا۔ اجلاس میں فنکاروں کے لئے آرٹسٹ خدمت کارڈ کی گرانٹ بڑھانے کی منظوری دی گئی اورفنکاروں کے لئے امدادی گرانٹ بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ لاہور آرٹ کونسل انڈومنٹ فنڈبورڈ کا اختیارمنسٹرانفارمشین کو دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

پنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی2024 میں مجوزہ ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ نے میڈیا کے واجبات کی بروقت ادائیگی کے لئے فول پروف سسٹم واضح کرنے کی ہدایت کی۔ صوبے کے مختلف شہروں میں سیوریج سسٹم کے ایشوز حل کرنے کی منظوری دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے بہترین کے پی آئیپرفارمنس پر پانچ ڈپٹی کمشنرز کو سرٹیفکیٹ آف میرٹ دئیے ،ان کو دو ماہ کی اعزازی تنخواہ بھی دی جائے گی،کابینہ نے دریاؤں کے کٹاؤ سے بچاؤ کے لئے حفاظتی بند بنانے کی منظوری دی،آئی کینسر اور دیگر امراض چشم کے علاج کے لئے آئی سنٹر کو اراضی کی الاٹمنٹ کی مشروط منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو ٹی 20ورلڈ کپ فار بلائنڈ کے لئے 20ملین روپے کی گرانٹ دینے اور انتہائی مطلوب اور خطرناک ملزموں کی گرفتاری پر انعام بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب بھر میں سیوریج اور بارش کے پانی کے اخراج کے نظام کی بہتری کے لئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لئے ایکس گریشیا مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے پرانی جیمرگاڑیوں کو تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی۔وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ بہت سے لوگ پنجاب میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، خواہش ہے کہ ترقی کا سفر جاری و ساری رہے ، کام کرنیوالوں کی بہت قدر کرتی ہوں ۔ وزیراعلٰی مریم نواز نے بنوں آپریشن میں میجر سمیت تین فوجی جوانوں کی شہادت پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کیااورلاہور میں دوبھائیوں کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں