صدر،وزیراعظم کے طیاروں کی اوور ہالنگ،1ارب 80کروڑ روپے کی گرانٹ منظور
اسلام آباد (اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )نے صدر ، وزیراعظم کے طیاروں کی اوورہالنگ کیلئے 1ارب 80کروڑ روپے کی گرانٹ ، پاسکو کے ذخائر سے صوبوں کو ضرورت کے مطابق گندم کی فراہمی کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدات اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ای سی سی نے ہدایت کی کہ پاسکو ذخائر سے مقامی، درآمدی گندم یکم فروری کے کوٹہ کے مطابق فراہم کی جائے اور گندم فراہمی سے قبل گندم کے قابل استعمال ہونے کا ٹیسٹ کیا جائے ۔ای سی سی نے سندھ کے سیلاب زدگان کے رہائشی منصوبے کے لیے 30 ارب روپے ، نیب کے لئے 37 کروڑ 60 لاکھ روپے اور چین میں تجارت و سرمایہ کاری مشن کے لیے 22 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس بھی منظور کرلیں ۔ اجلاس میں صدر، وزیراعظم کے طیاروں کے انجنزکی اوور ہالنگ کیلئے ایک ارب 80 کروڑروپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جبکہ ڈی جی امیگریشن اینڈپاسپورٹ کے ای پاسپورٹ سسٹم،مشینوں کی مدمیں 2ارب 93 کروڑروپے کی گرانٹ کی بھی منظور ی دی گئی۔ ای سی سی نے سی ڈی اے کے لیے 25 کروڑ 20 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی ۔ای سی سی کے مطابق ضمنی گرانٹ وزیر اعظم آفس اور وزیر اعظم سٹاف کالونی کے اخراجات کے لیے استعمال ہو گی۔