حکومت کی کوششوں سے معیشت میں بہتری:وزیراعظم کی برطانوی تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کا ری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم آفس اسلام آباد سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم سے برطانیہ کے کاروباری وفد نے لاہور میں ملاقات کی ،زبیر عیسیٰ کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد میں برطانیہ کی سرکردہ کاروباری شخصیات شامل تھیں، ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کاروباری اور تاجر برادری کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے ۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ، وفد نے ملکی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہونے پر وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف اور اعتماد کا اظہار کیا ۔ دریں اثنا وزیر اعظم کی بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی ، وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی ناسور اس کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں، مجھ سمیت پوری قوم فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔