معصوم کشمیریوں، فلسطینیوں کے حالات بہت کچھ کرنے کا پیغام دیتے ہیں: آرمی چیف

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حالات بہت کچھ کرنے کا پیغام دیتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پیس کیپنگ ٹریننگ سینٹر (آئی اے پی ٹی سی) کی 28ویں سالانہ کانفرنس پاکستان میں پہلی بار سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلیٹی نسٹ اسلام آباد میں 4 سے 8 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ تقریب کا باقاعدہ آغاز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے سی آئی پی ایس کی نئی عمارت کے افتتاح کے ساتھ ہوا،افتتاحی تقریب میں انڈر سیکرٹری جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز جین پیئر لاکروکس، اقوام متحدہ کے پولیس مشیر، قائم مقام ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، سیکرٹری خارجہ پاکستان اور ریکٹر نسٹ بھی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج عالمی امن کو ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے، اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے امن قائم کرنے کی متعدد کوششوں کے باوجود معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار ایک واضح یاد دہانی کا کام کرتی ہے کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب میں اعزازی مہمان جین پیئر لاکروکس نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے تعاون کا اعتراف کیا اور 28ویں آئی اے پی ٹی سی سالانہ کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کی تعریف کی۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا تقریب میں آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض شاہ نے استقبال کیا۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں