آج کی قانون سازی کے بعد آرمی چیف کی مدت ملازمت کم ہوگئی، رانا ثنااللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آج کی قانون سازی کے بعد آرمی چیف کی مدت ملازمت کم ہوئی ہے، اس میں اضافہ نہیں ہوا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ماضی میں فوجی سربراہان 11 سال اور پھر چھ، چھ سال تک عہدوں پر رہے، مولانا فضل الرحمان کو اگر آج ہونے والی قانون سازی پر اعتراض ہے تو یہ ان کا حق ہے اور ان کے اختلاف رائے کا ہم احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کو حکومت کی قانون سازی سے اتفاق نہیں تھا تو وہ آج اپنی ترامیم پیش کرتے، سپیکر نے کہا کہ پہلے وزیر قانون کی بات سنیں بعد میں آپ کو موقع دیا جائے گا مگر یہ بات کرنے کے موڈ میں ہی نہیں تھے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ الیکشن ہارنے کے باوجود 4 سال تک اقتدار میں رہے۔

انسداد دہشتگردی ترمیمی بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورت حال مخدوش ہے، جبکہ بلوچستان میں بھی ایسی ہی صورت حال ہے، اس لیے یہ قانون سازی وقت کی ضرورت ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی یہ سمجھتی ہے کہ اس بل کو ان کے خلاف استعمال کیا جائے گا تو اس میں کوئی حقیقت نہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں