190 ملین پاؤنڈز کیس: بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ

راولپنڈی: (دنیا نیوز) 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی سماعت پر جرح نہ کی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا کے روبرو ہوئی، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔

عدالت میں عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان موجود تھیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر سیف، خالد یوسف چودھری بھی عدالت میں موجود تھے۔

معاون وکیل فیصل چودھری کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ 36 سماعتیں ہوچکی ہیں بشریٰ بی بی کے وکیل جرح مکمل نہیں کر رہے، کیس کو غیر ضروری طول دیا جارہا ہے، وکیل صفائی کا جرح کا حق ختم کیا جائے، 10 بجے سماعت کا وقت تھا وکیل صفائی ابھی تک پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے وکلاء صفائی کو بدھ کے روز 10 بجے تک جرح مکمل کرنے کا آخری موقع دیا اور وارننگ دی کہ آئندہ سماعت پر جرح مکمل نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 6 نومبر صبح 10 بجے تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں