وزیراعلیٰ بلوچستان سے گورنر پنجاب کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ آمد پر گورنر پنجاب کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے مابین ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بلوچستان کے صوبائی وزراء میر صادق عمرانی، میر عاصم کرد گیلو، حاجی علی مدد جتک، بخت محمد کاکڑ بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں گڈ گورننس، صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات اور بہتری کیلئے جاری اقدامات پر گورنر پنجاب کو آگاہی دی۔
گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عوامی فلاح و بہبود کے قابل عمل منصوبوں پر تعاون اور مستقل رابطہ کاری پر اتفاق کیا، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کی صدر مملکت آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بلوچستان میں جاری عوامی بہبود کے منصوبوں پر اظہار مسرت کیا، گورنر پنجاب نے سرفراز بگٹی کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تشکیل پر خراج تحسین پیش کیا اور پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔