سعودیہ اور قطر کے دورے میں سرمایہ کاری اور ملکی ترقی پر گفتگو ہوئی: وزیر اعظم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر کے دورے میں سرمایہ کاری اور ملکی ترقی پر گفتگو ہوئی۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سعودی عرب اور قطر کے کامیاب دورے کرکے آیا ہوں، سعودی عرب اور قطر میں ون آن ون وفود سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹو سے خطاب کیا، سعودی ولی عہد نے سرمایہ کاری کی یقینی دہانی کرائی ہے، سعودی عرب کے دورے کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر نے تیزی سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے ، قطر آئی ٹی ، معدنیات اور ملکی دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ امیر قطر نے پاکستان میں آئی ٹی پارک بنانے کا عندیہ دیا ہے اور 3 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، دوسری جانب آذربیجان سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات چیت ہوئی ۔
محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں باہمی شراکت داری کے منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں، اس سلسلے میں ہمارا وفد سعودی عرب جائے گا۔