مشرق وسطیٰ کی صورتحال:ایرانی وزیرخارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کی انتہائی کشیدہ صورتحال میں دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ایرانی وزیر خارجہ اپنے دو روزہ دورے کے موقع پر پاکستانی حکام کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سید عباس عراقچی کا یہ دورہ 26 اکتوبر کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے، 26 اکتوبر کو اسرائیل نے ایران پر حملے کئے تھے، جو اسرائیل کے بقول ایران کے یکم اکتوبر کے بیلسٹک میزائل حملوں کے جواب میں تھے جس میں ایران نے 200 بیلسٹک میزائل اسرائیل میں مختلف مقامات پر داغے تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، ان کے دورے کے موقع پر دونوں اطراف سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور پاکستان و ایران کے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوگی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے کیا، ایرانی خارجہ آج وزیراعظم میاں شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔