صوبے پی آئی اے لینا چاہیں تواعتراض نہیں:وزیر نجکاری:پنجاب کا ارادہ نہیں:سینئر وزیر

صوبے پی آئی اے لینا چاہیں تواعتراض نہیں:وزیر نجکاری:پنجاب کا ارادہ نہیں:سینئر وزیر

لاہور (سیاسی نمائندہ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو اونے پونے داموں نہیں بیچیں گے ، میرا کام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو ٹھیک کرنا نہیں بلکہ اسے فروخت کرنا ہے۔

 صوبے پی آئی اے لینا چاہیں تو اعتراض نہیں جبکہ پنجاب کی سنیئر وزیر مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ پنجاب کا خریدنے کا ارادہ نہیں ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل میرے آنے سے 6 ماہ قبل ہو چکا تھا ، جو عمل پہلے شروع ہوچکا تھا اس میں کوئی تبدیلی نہیں کرسکتا ۔میرے پاس قومی ایئرلائن کی نجکاری کرنے کے فریم ورک میں تبدیلی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ۔ وزیر نجکاری نے کہا کہ میرے پاس نجکاری کا جو طے کردہ طریقہ کار ہے اس کے تحت ہی میں نجکاری کا عمل سر انجام دے سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے پی آئی اے کا یہ حال نہیں کیا اور پی آئی اے کے ساتھ جو ہوا ہے اس میں میرا کوئی کردار نہیں، تمام لوگ اپنے اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور قومی ایئرلائن کا بیڑا غرق کرنے میں اپنا حصہ تلاش کریں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہ بتایا جائے کہ کیسے کام کرنا ہے ، مجھے ان سب سے بہتر کام کرنا آتا ہے ، اگر پی آئی اے ٹھیک کرنے کی ذمہ داری مجھے دی جائے گی تو پھر قوم میرا احتساب کرسکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر قومی ایئرلائن کو بیچنے میں کوئی کوتاہی ہوگی تو اس کی ذمہ داری میں اٹھاؤں گا لیکن میں خریدار نہیں ہوں، میں صرف نجکاری کے قانون پر عمل درآمد کرسکتا ہوں اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتا۔علیم خان نے بتایا کہ مجھے وہ لوگ بھی سمجھا رہے ہیں جو پہلے نجکاری کے وزیر رہ چکے ہیں، یہ لوگ جب خود وزیر تھے اس وقت یہ کام انہیں کرلینا چاہیے تھا، میرے آنے سے پہلے نجکاری کے 25 وزیر رہ چکے ہیں۔ مجھے کاروبار نہ سکھایا جائے ، مجھے اپنی ذمہ داری کا احساس ہے ۔علیم خان نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے اگر مختلف صوبوں کی حکومتیں قومی ایئرلائن کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں اور بہت خوشی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سے پیسے بنائے جاسکتے ہیں، قومی ایئرلائن کو اگر درست طریقے سے چلایا جائے تو یہ بہت بڑا اثاثہ ہے ۔ادھر پنجا ب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب پی آئی اے نہیں خرید رہی، جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ میں ان تمام خبروں کی تردید کرتی ہوں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں