عمران مدینہ میں ننگے پاؤں گئے تو باجوہ کو فون آگئے :بشریٰ بی بی
راولپنڈی،اسلام آباد(خبر نگار ،اپنے نامہ نگار سے ،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا عمران خان جب ننگے پاؤں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر)باجوہ کی فون کالز آنا شروع ہوئیں اور کہا گیا کہ کسے لے آئے ہیں۔
جو شریعت کی بات کرتا ہے ، ہم شریعت کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ کہنا شروع کردیا، یہ باتیں بانی پی ٹی آئی نے کبھی سرعام نہیں کیں، اگر یہ باتیں غلط ہوں تو سابق آرمی چیف سے اور ان کے اہلخانہ سے پوچھا جائے ۔ویڈیو پیغام میں بشریٰ بی بی نے مزید کہا آج میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام دینے آپ کے سامنے آئی ہوں،بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو 24 نومبر کو نکلنے کی کال دی ہے ۔یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے ہر طبقے کو اس احتجاج کا حصہ بننے کا کہا ہے ۔جب تک بانی پی ٹی آئی خود آکر عوام سے خطاب نہیں کرتے 24 تاریخ احتجاج کی ڈیٹ تبدیل نہیں کی جائے گی۔کسی بھی قانون میں کسی کو پر امن احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا، یزید مت بنیں ۔اداروں کو کہتی ہوں بانی پی ٹی آئی کسی سے بدلہ نہیں لیں گے ۔بانی پی ٹی آئی کو ملک کے لیے کھڑے ہونے کی سزا دی گئی۔قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کے ذریعے آفر آئی کہ احتجاج ملتوی کر دیں سب ٹھیک ہو جائے گا، میں نے انڈر ٹرائل لوگوں کی رہائی کا مطالبہ رکھا تھا تاکہ مذاکرات کی سنجیدگی کا پتہ چل جائے ۔یہ ڈیمانڈ وہ تھی جو فوری طور پر پوری ہو سکتی تھی جو انہوں نے نہیں کی ۔مذاکرات چلتے رہتے ہیں مگر یہ پتہ چل گیا کہ یہ سنجیدہ نہیں تھے یہ صرف احتجاج ملتوی کرانا چاہتے تھے ۔ جیل سماعت کے دوران وکیل فیصل فرید چودھری کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کی حکومت کے پاس سنہری موقع تھا کہ مجھے رہا کر دیتے ۔واضح ہو گیا کہ حکومت مجھے انگیج کر کے معاملے کو طول دینا چاہتی ہے ۔میں جیل میں ہوں اور مجھ پر کیسز پر کیسز بنائے جا رہے ہیں اسی کو بنانا ریپبلک کہتے ہیں ۔سارے مین کیسز میں میری ضمانت ہو چکی ہے مگر اس کے باوجود رہا نہیں کیا گیا ۔یہ جو مذاکرات تھے اس میں سنجیدگی نظر نہیں آئی، سیاسی جماعتیں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کرتیں ۔