ملک معاشی ٹیک آف کیلئے تیار،ریاست مخالفوں کو انجام تک پہنچائیں گے:شہباز شریف

ملک معاشی ٹیک آف کیلئے تیار،ریاست مخالفوں کو انجام تک پہنچائیں گے:شہباز شریف

لاہور (سلمان غنی سے )وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے محفوظ اور مضبوط معاشی مستقبل کو سازگار ماحول اور پرامن حالات سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات اور موثر معاشی اصلاحات کے بعد ہم نے ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالا اورمعاشی ٹیک آف کیلئے تیارہیں۔

لیکن کچھ لوگوں کو یہ عمل ہضم نہیں ہو پا رہا اور وہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کے درپے ہیں، ان کے مذموم ایجنڈا اور ناپاکعزائم پورے نہیں ہونے دیں گے ۔ دہشت گردی کا رجحان بھی ہمیں ٹیک آف کرنے سے روکنے کیلئے ہے لیکن اپیکس کمیٹی میں فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ جو بھی ریاست کے خلاف ہوگا اور ہتھیار اٹھائے گا ،ریاست اور ریاستی ادارے انہیں ان کے انجام پر پہنچائیں گے ، حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف اپنی فوج اور سکیورٹی اداروں کی پشت پر ہیں انہیں ممکنہ وسائل فراہم کریں گے ۔لاہور میں اپنی رہائش پر دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ سعودی عرب سے ہماری جذباتی وابستگی ہے ، وہ ہمارے محسن ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کے سعودی عرب کے حوالہ سے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خاص مائنڈ سیٹ کا شاخسانہ ہے ، مقصد پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دینا ہے ،میں سو فیصد یقین سے کہتا ہوں کہ بیان جان بوجھ کر دیا گیا اوریہ بیان ا س نے دلوایا جو اپنی سیاست کیلئے پاکستان سے انتقام لینا چاہتا ہے ۔

یہ وہی مائنڈ سیٹ ہے جس نے آئی ایم ایف کو مشکوک بنا کر پاکستان کے پروگرام پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی لیکن ہماری اصلاحات اور اقدامات نے ہمیں سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشی حوالہ سے ٹیک آف کرنے کی پوزیشن میں ہیں، ہمیں خود انحصاری کی منزل پر پہنچنا ہے ، ہمارے دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ،ہم کسی کوتشددکی سیاست اور انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔وزیراعظم نے ٹیکس وصولی کے اپنے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا یہاں اربوں کھربوں کا ٹیکس لوٹا جاتا ہے مگر ان کی پکڑ نہیں ہوتی ہمارا ہاتھ ان پر پڑ چکا ہے ٹیکس چوری کے رجحان کو دفن کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ لمحہ فکریہ ہے کہ جب بھی دوست ممالک کی لیڈر شپ پاکستان آتی ہے یا پاکستان میں کوئی اہم ایونٹ ہوتا ہے تو یہاں احتجاج کی کال دے دی جاتی ہے ،اب یہ سلسلہ اورنہیں چلے گا،کسی کو پاکستان کے مفادات اور ترجیحات سے کھیلنے نہیں دیں گے ۔

ہم احتجاج کے خلاف نہیں لیکن احتجاج آئین قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے ، ہر وقت کا احتجاج اور احتجاج کا بخار اگر خود پر چڑھائیں گے تو اس کی قیمت بھی دینا ہوگی ۔وزیراعظم کا کہناتھاکہ آج ملکی مفادات کے تحفظ ،دہشت گردی کے سدباب،معاشی مضبوطی اور عوام کی خوشحالی کیلئے حکومت ریاست ادارے اور عوام کا اتحاد قائم ہے اور یہی اتحاد پاکستان کو سرخرو کرے گا۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ، ہمارے پاس ایک بامقصد قوم اور ذہین نوجوان نسل ہے جسے بروئے کار لا کر ہم مقاصد پاکستان کی تکمیل کر سکتے ہیں،ہمیں اپنے اندر سے مایوسی بے چینی اور بے یقینی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ دہشت گردی اور تخریب کاری کے سدباب کیلئے ہمیں قومی جذبہ بروئے کار لانا ہوگا اور ساری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج کے پیچھے کھڑا ہونا ہوگا ،اگر ہماری افواج دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ جیت سکتی ہیں تو دہشت گردی کی اس نئی لہر پر قابو پانا مشکل نہیں، اس کیلئے سب کو اپنی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔شہبا زشریف نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کیلئے قائم رہنے کیلئے بنا ہے ہمیشہ قائم رہے گا ،ہمیں وہ جذبہ بروئے کار لانا ہوگا جو قیام پاکستان کا باعث بنا تھا اور یہی جذبہ ہمیں استحکام کی منزل پر لے جائے گا ،ہم اپنے اندرونی دشمنوں کو پہنچاننے اور انہیں ان کے انجام پر پہنچانے میں کامیاب ہو گئے تو پھر دنیا کی کوئی طاقت ہمیں منزل پر پہنچنے سے نہیں روک سکتی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں