9مئی کے8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد
لاہور(کورٹ رپورٹر)انسداد دہشتگری عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کر دیں۔ بانی پی ٹی آئی کے جناح ہاؤس حملہ، تھانہ شادمان نذر آتش سمیت 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں ضمانتیں دائر کر رکھی تھیں۔
انسداد دہشتگری عدالت کے جج منظر علی گل نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دئیے تھے کہ کبھی کہتے ہیں سازش اس طرح ہوئی پھر کہتے ہیں نہیں اس طرح سے سازش ہوئی۔ تہمت لگانا آسان ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ میں ڈسچارج یا مقدمہ کا اخراج نہیں مانگ رہا، بانی پی ٹی آئی کافی عرصہ سے قید میں ہیں، عدالت سے ضمانت مانگ رہا ہوں۔ مقدمات کے چالان ابھی تک پیش نہیں کیے گئے ۔ سازش ہوئی، نہیں ہوئی یا کیسے ہوئی یہ تمام معاملات ٹرائل کورٹ دیکھے گی۔سرکاری وکیل نے دلائل دئیے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت جاری کی تھی کہ میری گرفتاری کی صورت میں حملے کرنے ہیں۔ حماد اظہر ،اسد عمر اور میاں اسلم اقبال کو سرکاری تنصیبات پر حملے کرنے کی ہدایت ملی۔ یہ ساری سازش 7 مئی کو تیار ہو چکی تھی۔ ملزم کے اشارے پر دو سو تنصیبات پر حملے کیے گئے ۔سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ آج حقیقی جہاد کا دن ہے ۔ کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو لاتیں ماری گئیں۔ رینجر اور پولیس اہلکار شہید ہوئے ۔ دنیا میں جہاں عسکری تنصیبات پر حملے ہوں انہیں نہیں چھوڑا جاتا۔ 9/11 کے واقعہ پر دنیا بھر سے سازش میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے سزائیں دی گئیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل اور سرکاری وکیل کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 9مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کر دیں۔