نشانہ بازی میں مہارت پیشہ ور سپاہی کی علامت :آرمی چیف
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاہے کہ نشانہ بازی میں مہارت ایک پیشہ ور سپاہی کی علامت ہے اور بنیادی فوجی تربیت کے مقاصد میں اس کی مہارت حاصل کرنا ضروری ہونا چاہئے ۔
پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 44 ویں مرکزی مقابلے کی اختتامی تقریب میں آرمی چیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،اختتامی تقریب میں ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نے بھی خصوصی شرکت کی اورہر کیٹیگری میں پلیئرز کو ایوارڈز اور میڈلز سے نوازا ۔انٹر سروسز میچز میں پاکستان آرمی نے تین مقابلے جیتے جبکہ سی اے ایس مقابلہ پاک فضائیہ نے جیتا۔ پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی،ایف ٹی آر ٹیم ٹرافی پاکستان آرمی نے جیتی جس کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز نے کی۔صدر پاکستان کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی پاکستان آرمی کے نائیک وسیم احمد خان کو ملی ۔ پاکستان ایئر فورس نے وزیراعظم سکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج جیتا۔ آزاد کشمیر رجمنٹ نے پیرا فائرنگ میچز انفنٹری سکواڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔شوٹنگ کا اعلیٰ ترین اعزازدی ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی پنجاب رجمنٹ کے سپاہی آفتاب احمد کو دیا گیا۔ بیسٹ شاٹ میچ ٹرافی گروپ 2 اور گروپ 3 کیولری کے لانس دفادار محمد عمران اور ای ایم ای بٹالین کے حوالدار فتح اللہ خان کو دی گئی۔