پنجاب:ایک ہفتے میں تجاوزات ختم کرنے کا ہدف:واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال بنائیں:مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں ایک ہفتے میں تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دے دیا اور ڈپٹی کمشنرز کیلئے کرپشن کیخلاف کریک ڈاؤن اوربہتر سسٹم ڈیزائن کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر دیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا،ڈپٹی کمشنرز نے رپورٹس پیش کیں ۔ وزیر اعلیٰ نے ہر شہر میں سرکاری اراضی پر اربن فاریسٹ بنانے کا حکم دیا۔ صوبہ بھر میں نو ٹوپلاسٹکمہم کی کامیابی کو یقینی بنانے اور میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنانے کاحکم دیا۔ صوبہ بھر میں پالتوکتوں کوکالر پہنانا لازمی قراردیا گیا،خلاف ورزی پر جرمانہ اور کارروائی ہوگی۔ پالتو کتوں کی ویکسی نیشن اور رجسٹریشن کا نظام نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سڑکو ں پر بائیک لین مقرر،چینی ماڈل کے تحت جنگلہ اور چھوٹی دیوار سے الگ کرنے ،بائیک سوار کے لئے ہیلمٹ،بیک لائٹ او رانڈیکیٹرز کی پابندی یقینی بنانے ، سکولو ں کے سامنے بچوں کے لئے زیبرا کراسنگ بنانے اور سکول وین کے فنٹس سرٹیفکیٹ پر زیرو ٹالرنس کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے سڑکوں پر گندا پانی کھڑا ہونے سے نمازیوں اور شہریوں کو دشواری کی شکایت پر برہمی کا اظہار کیا اور شہروں میں جگہ جگہ نظر آنے والی خیمہ بستیاں متبادل مقامات پر منتقل کرنے ،سنگل لائن ریڑھی بازار کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیااور کہا منظور شدہ ڈیزائن او رجگہ کے علاوہ کسی مقام پر ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ نے بس سٹینڈ ز کی صفائی،پنکھے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بہترین نشست گاہ یقینی بنانے اورہر شہر کے بس سٹاپ اور لاری اڈوں کو ماڈل بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں ہسپتالوں کے ایم ایس کی پرفارمنس کی مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے سرگودھا میں جامع صفائی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور صوبہ بھر میں کنٹرول ریٹ پرکھاد فراہمی یقینی بنانے پرانتظامیہ کو شاباش دی۔ میانوالی میں چوراہوں پر یاد گاریں،واٹر فال، خوبصورت ماڈل بنانے اور پارکس کی بیوٹیفکیشن پر بھی انتظامیہ کوشاباش ملی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہر شہر میں گورننس کی ایکسی لینس نظر آنی چاہیے ۔
کسی شہر میں ٹوٹی ہوئی سڑکیں نظر نہ آئیں،پیچ ورک سے گڑھے پُر کئے جائیں۔سڑکوں پر سائن بورڈ واضح نظر آنے چاہئیں اور نئے سائن بورڈ بھی لگائیں۔ قبضہ مافیا کیخلاف پنجاب میں کارروائی کی جائے ۔ڈی سی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بننے والے مکانوں کی مانیٹرنگ بھی کریں۔ ہرشہر میں واٹرفلٹریشن پلانٹس فعال ہونے چاہئیں۔ و زیراعلیٰ نے کہاتمام شہروں کے لئے سیوریج او رسینی ٹیشن کا جامع پلان لے کرآرہے ہیں۔ جعلی ادویات بیچنے او ربنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ پبلک پارکس میں گھاس اگائیں مٹی نظر نہ آئے ۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا انتظار کئے بغیر میسر وسائل سے صفائی جاری رکھی جائے ۔ گلیوں،بازاروں میں سٹریٹ لائٹس کو آپریشنل ہونا چاہیے ۔ اوور ہیڈ بریج کے نیچے گرین بیلٹ بنائیں، منشیات کے عادی افراد نظر نہ آئیں۔ مریم نواز نے ڈی ایچ کیو سرگودھا بارے عوامی شکایات پر نا پسندیدگی اظہار کیا اور فوری ازالے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا بار بار توجہ دلانے کے باوجود مسائل حل نہ ہونے پر سخت ایکشن ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے بیلا روس کے صدر کی آمد پر مری میں صفائی کے انتظامات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے کے پی آئیز کا جائزہ لیا گیا۔ سرگودھا، خوشاب، بھکر او رمیانوالی کے ڈپٹی کمشنر ز نے بریفنگ دی۔اجلاس میں صفائی،ہیلتھ، ایجوکیشن، پرائس کنٹرول اورآؤٹ سورس سکولوں کی مانیٹرنگ کے پی آئیز کا جائزہ لیا گیا۔ میرج ایکٹ کی پابندی، تجاوزات، صفائی، پارکس کی صورتحال، چوراہوں او رشہروں کی بیوٹی فکیشن پر رپورٹ پیش کی گئی۔ مین ہول کے ڈھکن، آوارہ کتے ، سیوریج، ٹرانسپورٹ فٹنس سرٹیفکیٹ، اربن فاریسٹ ڈویلپمنٹ کے پی آئیز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو گلی محلوں کی صفائی اور دیگر عوامی شکایات کی نشاندہی بھی کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کسانوں کے قومی دن پر پیغام میں کہا کسان بھائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔ وہ دن رات اناج اگا کرہماری غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ کسان کی ترقی کے لئے حکومت زرعی شعبے کو میکا نائز کر رہی ہے ۔کسانوں کی خوشحالی کیلئے کسان کارڈکا اجرا کیا ، بلا سود آسان اقساط پر گرین ٹریکٹرز فراہم کیے جارہے ہیں۔ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال فارمرزکو ویکسین، علاج اور چارہ مہیا کیا جارہا ہے ۔ زراعت، مویشی بانی اور دیہی معیشت کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے ۔