فوجی تنصیبات پر حملے کا مقدمہ ملٹری کورٹس میں ہی چلایا جاتا ہے:وزیر اطلاعات
اسلام آباد (دنیا نیوز،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے دفاعی تنصیبات پر حملہ کرتے ہیں تو ادارہ سزا دیتا ہے ، فوجی تنصیبات پرحملے کا مقدمہ ملٹری کورٹس میں ہی چلایا جاتا ہے ۔
سانحہ 9 مئی کے ملزموں کے فوجی عدالتوں سے ٹرائل میں عالمی قوانین کی پاسداری کی گئی، فیئر ٹرائل کا حق دیا گیا،تحریک انتشار کے پروپیگنڈے کا مقصد رعایت حاصل کرنا ،بانی اپنے دور میں فوجی عدالتوں کے فضائل بیان کرتے تھے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا تحریک انتشار نے ملٹری کورٹ پر سیاست کرنے کی کوشش کی ، تحریک انصاف کی طرف سے واویلا کیا جا رہا ہے ، دفاعی تنصیبات پر حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ عطااﷲتارڑ نے کہا تحریک انتشار ملٹری کورٹس کے معاملے کو متنازعہ بنا رہی ہے ، ملٹری کورٹس پر سیاست کرنے والے یہ بھول رہے ہیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اپنے دور میں ملٹری کورٹس کے فضائل بیان کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان میں ایک لیگل پروسیس ہے ، ملٹری ٹرائل ایکٹ آف پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہوتے ہیں۔ اس میں وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو کسی بھی فیئر ٹرائل میں حاصل ہوتے ہیں، رائٹ ٹو فیئر ٹرائل متاثر نہیں ہوتا، اس میں وکیل کرنے ، فیملی اور ریکارڈ تک رسائی اور اپیل کا حق دیا جاتا ہے ۔ یہ ٹرائل فزیکل موجودگی کے بغیر نہیں ہو سکتے ، رائٹ ٹو فیئر ٹرائل کے تمام عوامل پورے کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان کے اندر کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، جن لوگوں کا ٹرائل ہوا ہے ان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے بابائے قوم کے یوم ولادت پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں کی بھی مبارکباد پیش کی۔