مریم نواز کا 65فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبا کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

مریم نواز کا 65فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبا کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

سیالکوٹ،لاہور(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، اے پی پی،دنیا نیوز )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے 65 فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبا کو لیپ ٹاپ دینے اور نئے بجٹ میں ہونہار سکالر شپ 50ہزار تک بڑھانے ، سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے طلبا کو بھی ہونہار سکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

وزیر اعلیٰ نے کہا حکومت میرا ذاتی کاروبار نہیں عوام کو جواب دہ ہوں۔ برے وقت میں ساتھ دینے والے ارکان اسمبلی کو بھی ناراض کرکے میرٹ کو یقینی بنایا۔ پنجاب میں طلبا کو ایک لاکھ ای بائیکس بالکل مفت د ی جائیں گی۔ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر سب کو سکالر شپ دے رہے ہیں۔ ماں باپ کی دعائوں کے طفیل وزیر اعلیٰ بنی ہوں۔مریم نواز نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا صوبائی وزیر رانا سکندر حیات، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور انکی پوری ٹیم کو دل کی گہرائی سے شاباش دیتی ہوں۔ لڑکیاں کسی میدان میں پیچھے نہیں۔ انہوں نے کہا سکالرشپ سفارش پر نہیں دئیے ، 100 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا۔ حلفاً کہہ سکتی ہوں بطور وزیر اعلیٰ ایک بھی تقرری سفارش پر نہیں کی۔ ہونہار سکالرشپ بہت جلد سیکنڈ اور تھرڈ ائیر کے بچوں کو بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ آچکی ہے ، جلد لیکر خود آؤں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا نعرے لگاتے تھے لیکن آج تک ایک پائی کی بھی چوری ثابت نہیں کرسکے ۔

لوگوں کو چور چور کہتے رہے خود پر 190ملین پائونڈ کا کیس ہے ۔ بچے آنکھیں کھلی رکھیں کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، ہماری ریڈ لائن پاکستان ہے ۔انہوں نے کہا معیشت بہتری کی جانب گامزن ، مہنگائی نیچے آرہی ، سٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں میری خواہش ہے اب اس سب کا ثمر آپ تک پہنچے ۔ نوجوان عہد کریں کچھ بھی ہو جائے وطن کے خلاف نہیں جائیں گے ۔انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کی طرف سے جب پنجاب پر حملہ ہوا تو پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو کیلوں والے ڈنڈوں سے مارا گیا۔ کیا کوئی سیاست میں اس حد تک جا سکتا ہے ۔ وردی والے آپ کے لئے جانیں قربان کرتے ہیں تضحیک برداشت نہیں۔ ہم نے تو کسی کو ملک میں آگ لگانے کے لیے نہیں کہا۔وزیر اعلیٰ نے کہا اپنے بچے باہر ہیں اور دوسروں کے بچوں کو استعمال کرتے ہو۔

انہوں نے کہا نوجوانوں کو کہتی ہو ں کسی کے بہکاوے میں نہیں آنا، اپنے ملک کا سوچنا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویژن کیلئے ہونہار سکالرز شپ پروگرام لانچ کر دیا۔یونیورسٹی کی دس ٹاپر طالبات کو ہونہار سکالر شپ کے چیک تقسیم کئے ۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سیالکوٹ آمد پر مریم نواز نے قومی ترانہ، ملی نغمہ، نعت اور تلاوت قرآن مجید پیش کر نے والے طلبا کو شاباش دی اوراظہار شفقت کیا۔ہونہار طلبا کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔گوجرانوالہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں کی طالبات علینہ اور نایاب فاطمہ کے تعلیمی داستان سنانے پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے ۔نایاب فاطمہ نے کینسر کی مریض والدہ کے بارے میں بتایا۔ وزیر اعلیٰ نے بچی کو گلے لگایا پیار کیا اور والدہ کے علاج کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا۔مریم نواز نے طالبات کو پاس بلا لیا۔فرداً فرداً خود جاکر ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔فائن آرٹس کے طلبا نے وزیراعلیٰ کو پورٹریٹ پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں