الیکٹرک وہیکلز چارجنگ سٹیشنز پر بجلی 31.30روپے یونٹ سستی،زرمبادلہ بچے گا:شہباز شریف
اسلا م آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو فروغ دینے کے لئے الیکٹرک وہیکلز چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 44 فیصد(31.30 روپے )کمی کا اعلان کر دیا۔
چارجنگ سٹیشنز کیلئے بجلی کا خصوصی رعائتی نرخ موجودہ 71 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 39.70 روپے یونٹ کر دیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے پاور ڈویژن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے لئے خصوصی رعایتی ٹیرف کو تاریخ ساز پیکیج قرار دیتے ہوئے کہا بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہو گی اور ماحول دوست سفری سہولیات دستیاب ہوں گی ۔وزیراعظم کی زیر صدارت الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں حکام پاور ڈویژن اور وفاقی وزیر برائے توانائی کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے اجلاس میں بتایا چارجنگ سٹیشنز کے قیام کا طریقہ کار آسان کردیا ہے اور اب 15دن میں این او سی ملے گا، نوجوان چھوٹی سرمایہ کاری کے ذریعے اپنا کام شروع کر سکیں گے ۔ وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے نئی حکومتی پالیسی کی بھر پور تشہیر کرنے اور آگہی مہم کی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک اور پاکستان کے 10 سالہ شراکت داری فریم ورک کاخیرمقدم کیا ہے جس کے تحت عالمی بینک کی طرف سے 20 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا شراکت داری فریم ورک کے تحت جن 6 شعبوں میں تعاون کی یقین کرائی گئی ہے یہ ہماری قومی ترجیح کی عکاسی کرتے ہیں۔شہباز شریف نے ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلانے والے انتہائی مطلوب سمگلروں کی حوالگی کے لئے انٹرپول سے تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے انسانی سمگلنگ کے ذریعے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہاہے پاکستان اضافی بجلی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے ،جیسے جیسے بجلی کی قیمتیں کم ہونگی اس صورتحال سے نمٹا جا سکے گا،آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے کرنے سے مجموعی طور پر 14 سو ارب کا فرق پڑے گا۔ہم آخر تک صارفین کے حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا اس سال پانچ ماہ میں ڈسکوز کا نقصان 170 ارب سے نہیں بڑھنے دیااگر دو اور کمپنیوں کے بورڈ تبدیل ہوتے تو یہ نقصان 140 ارب ہوتا۔اب سب انڈسٹریل اسٹیٹس کو ون ونڈو کے تحت بلنگ ملے گی۔انہوں نے کہابجلی کی قیمت کم کرنے سے گلی محلوں میں چارجنگ سٹیشنز کھل سکیں گے ۔چارجنگ سٹیشنز کیلئے 15 دن میں لائسنس مل سکے گا۔ پاور ڈویژن بجلی کے مسائل کم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑی والوں کے ماہانہ اخراجات میں 3 گنا کمی آئے گی، عوام حکومت کی الیکٹرک پالیسی سے بہت فائدہ اٹھائیں گے ۔حکومت کچھ عرصے میں خطے کی سب سے سستی بجلی عوام تک پہنچانے کے قابل ہو گی۔وفاقی وزیر نے کہا کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس پر آئی ایم ایف سے بات چل رہی ہے ،چاہتے ہیں انڈسٹری کیلئے کوئی مشکل بھی نہ ہو اور معاملہ حل ہو، پلانٹس کیلئے گیس کی قیمتوں میں معاملہ کچھ دن میں حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہاوزیر اعظم قیمتوں میں کمی سے متعلق معاملہ روزانہ کی بنیاد پر دیکھ رہے ۔