بلوچستان:زیرتعمیر ڈیم سے 7مزدور اغوا:خیبرپختونخوا:چیک پوسٹ پر حملہ،10دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ ،اسلام آباد(کرائم رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار )بلوچستان کے ضلع کچھی میں نامعلوم افراد نے زیرتعمیر ڈیم پرحملہ کرکے 7مزدوروں کو اغوا کرلیاجبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کی تحصیل جنڈولہ میں فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنادیا گیااور ایک خودکش بمبار سمیت 10دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی شوران سے تقریباً 4کلومیٹر دورمغرب کی جانب پہاڑی علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے زیرتعمیرڈیم کے تعمیراتی کیمپ پر حملہ کر دیا اور وہاں موجود ایک ڈمپر کو آگ لگا دی جبکہ دیگر دو گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔لیویزانچارج رسالدار عبدالحئی کے مطابق حملہ آور جاتے ہوئے زیرتعمیر ڈیم پرکام کرنیوالے سات مزدوروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ،جن میں قریبی علاقوں کے چھ رہائشی جبکہ ایک غیر مقامی شخص شامل ہے ۔سنی شوران ضلعی ہیڈکوارٹر ڈھاڈر سے تقریباً 80 کلومیٹر دور ہے اور سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کا آبائی علاقہ ہے ۔ دوسری طرف کوئٹہ شہر میں کیچی بیگ تھانے کے قریب نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کردیا ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے جنڈولہ میں فورسز کے قلعہ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے اوربروقت کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے گاڑی میں بیٹھ کر خود کو ایف سی قلعہ کے قریب اڑا دیا، حملہ بنوں طرز پر تھا،اس میں 2جوان زخمی ہوگئے ۔
دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی گئی تاہم فورسز نے 10دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیاجن کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جنڈولہ میں حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے ،ان کاکہناتھاکہ دہشت گردوں کے ملک میں بد امنی پھیلانے کے ناپاک عزائم کو یونہی ناکام بناتے رہیں گے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں چیک پوسٹ پرخارجی دہشتگردوں کاحملہ ناکام بنانے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق قلات مہلبی کے مقام پر قائم لیویز چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے بدھ اور جمعرات کی شب حملہ کیا، مسلح افراد اور لیویز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں لیویز کی گاڑی کو نقصان پہنچااور دو اہلکار زخمی ہوگئے ،لیویز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے ۔ دریں اثنا خضدار میں نامعلوم مسلح افراد ، تحصیل وڈھ کے قریب شہدا چیک پوسٹ پردھاوا بول کر اہلکاروں کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے ، فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے ۔