این ایف سی ایوارڈ نہ دیا گیا تو عوام کو لیکر نکلوں گا:گنڈا پور
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس کسی افغان مہاجر کو زبردستی نہیں نکالے گی۔
رضا مندی سے جانے والوں کو عزت سے بھیجیں گے ،وفاق صوبے کو ادائیگی نہیں کررہا ،اگر اس مہینے میں این ایف سی میں طے شدہ چیزیں نہ ملیں تو خیبر پختونخوا کے عوام، پولیس اور سرکاری افسروں سمیت سب کو لے کر نکلیں گے ،چھوٹے چھوٹے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں عام شہریوں کی ہلاکتیں برداشت نہیں کریں گے ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغان مہاجرین کے حوالے سے ہمارا واضح مؤقف ہے ، افغان مہاجرین کو زبردستی افغانستان بھیجنے کی پالیسی کے خلاف ہیں، جو افغانستان جانا چاہتے ہیں انہیں عزت سے بھیجیں گے ۔ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں ملک میں جاری دہشت گردی کا واحد حل مذاکرات ہیں، بانی نے مجھے مذاکرات سے متعلق کوئی ٹاسک نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی کے ساتھ دو ماہ بعد ملاقات ہوئی ہے ، عدالتی آرڈر کے باوجود میری ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کی بات پاکستان کے لیے کر رہے ہیں ، ڈیل نہیں کرینگے ۔
مجھے وزیراعظم شہباز شریف اور وزرا کے بیانات پر افسوس ہے ۔ عام شہریوں کی ہلاکتوں کو انہوں نے ایسا رنگ دیا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔کاٹلنگ میں ہونے والے ڈرون حملے میں 10 شہریوں کی ہلا کتوں کے حوالے سے کہا کہ اس انٹیلی جنس آپریشن میں ہمارے 10 بے گناہ شہری جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں شہید ہوگئے ، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور ہماری ذمے داری بھی ہے کہ اپنے شہریوں کو تحفظ دیا جائے ۔ہر چیز پر سیاست نہ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت تھی اس وقت دہشت گردی نہیں تھی، جب ہماری حکومت ختم کی گئی اس کے بعد ہمارے خلاف کارروائیاں شروع کی گئیں اور یہ لوگ ہمارے خلاف کارروائیوں میں مصروف رہے اور اصل کام پر ان کی توجہ نہیں رہی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی حکومت کے بیانات خطرناک ہیں، افغانستان میں جب تک امن نہیں ہوگا اس پورے خطے میں امن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہماری غلط پالیسیوں کی وجہ سے ان لوگوں نے ہتھیار اٹھایا ہے ، اعتماد کا رشتہ بنانا پڑے گا۔ علی امین نے کہا کہ کرم میں میرا ہیلی کاپٹر چنگ چی کی طرح چل رہا ہے ۔