3ماہ کیلئے بجلی ایک روپے 71پیسے یونٹ سستی :گیس مہنگی کرنے کی تیاری

3ماہ کیلئے بجلی ایک روپے 71پیسے یونٹ سستی :گیس مہنگی کرنے کی تیاری

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے تین ماہ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 71 پیسے یونٹ کمی کی منظوری دے دی تاہم دوسری جانب گیس مہنگی کرنے کی تیاری شروع کردی گئی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق درخواست پر نیپرا اتھارٹی نے اپنا تحریری فیصلہ جاری کر دیا،نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین کیلئے 3 ماہ کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے ، قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا،تاہم لائف لائن صارفین اس سے مستثنیٰ ہوں گے ،نیپرا کے مطابق صارفین کو اپریل، مئی اور جون کے بلز میں 58 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر 4 اپریل کو سماعت کی تھی۔ دریں اثنا سوئی گیس کمپنیوں نے آئندہ مالی سال سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔ سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اوسطاً 735روپے 59 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن نے سابقہ شارٹ فال سمیت گیس کی قیمت میں 2443 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے ۔

اس کے علاوہ گیس کمپنیوں نے مالی سال 2025-26 کی مالی ضروریات کی درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں۔سوئی ناردرن نے 700 ارب 97 کروڑ روپے کی مالی ضروریات کی فراہمی اور 207 ارب 43 کروڑ 50 لاکھ کا شارٹ فال وصول کرنے کی درخواست کی۔اس کے ساتھ سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت 2485روپے 72 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی ہے ۔سوئی سدرن نے 883 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ روپے کی مالی ضروریات اور 44 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ روپے کے شارٹ فال کی وصولی کی درخواست کی ہے جب کہ سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت 4137 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی۔حکام کے مطابق سوئی ناردرن کی درخواست پر 18 اور 28 اپریل کو لاہور اورپشاور میں سماعتیں ہوں گی جب کہ سوئی سدرن کی درخواست پر 21 اور 23 اپریل کو کراچی اور کوئٹہ میں سماعتیں ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں