روٹ 47 صرف سڑک نہیں سمارٹ ترقی کی نئی داستان ہے : مریم نواز

روٹ 47 صرف سڑک نہیں سمارٹ ترقی کی نئی داستان ہے : مریم نواز

لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صبح سویرے اچانک لاہور شہر کا دورہ کیا اور مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے والٹن روڈ پر نئے اوور ہیڈ برج کا دورہ اور نو تعمیر شدہ روٹ 47 کا معائنہ کیا۔

سی بی ڈیروٹ 47 کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر فعال کرکے باقاعدہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ روٹ 47 ساڑھے چار کلومیٹر طویل، دو طرفہ اور تین رویہ جدید  ترین انفراسٹرکچر پر مشتمل ہے۔ کلمہ چوک کو والٹن سے ملانے والی سڑکروٹ 47کو 1947کی جدوجہد آزادی سے منسوب کیا گیا ہے۔ سڑک سے گلبرگ سے والٹن تک کا سفر چند منٹوں میں ممکن ہے ۔ روٹ 47پر تقریباً 2.5 کلومیٹر طویل سائیکل سواروں کے لئے لین بھی مخصوص ہے ۔ والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر پیدل اور سائیکل سواروں کے لئے بھی علیحدہ واک وے مخصوص کیا گیا ہے ۔ والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر نصب سولر پینلز سے ایک میگا واٹ بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی۔ شاہراہ کے ساتھ بارش کے 50 لاکھ گیلن پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے مصنوعی جھیل بھی بنائی گئی، خوبصورتی کے لیے فوارے اور ایریشن سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔ شاہراہ کی شناخت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف مونومنٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا روٹ 47پنجاب کے روشن اور پائیدار مستقبل کی جانب ایک اور نمایاں اقدام ہے ۔ یہ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ پنجاب میں سمارٹ ترقی کی ایک نئی داستان ہے ۔بیوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا حکومت پنجاب بیوہ خواتین کے ساتھ صرف ہمدردی نہیں بلکہ انہیں حقوق اور سہارا دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا دین اسلام نے بیوہ خواتین کو عزت، وقار اور ان کے حقوق کی فراہمی پر زور دیا ہے ۔ بیوہ خواتین معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی اقدامات جاری رہیں گے ۔وزیراعلی ٰنے کہا کشمیر، غزہ اور اب ایران میں جنگوں کے دوران بیوہ ہونے والی خواتین عالمی ضمیر پر ایک چبھتا ہوا سوال ہیں جن کے زخموں پر مرہم رکھنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔مریم نواز نے بتایا بیوہ خواتین کے بچوں کو ہونہار سکالرشپ پروگرام میں بھی ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ وہ تعلیم کے میدان میں پیچھے نہ رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں