ایران کی سلک روڈ منصوبے میں شرکت، ورکنگ گروپس کی تجویز

ایران کی سلک روڈ منصوبے میں شرکت، ورکنگ گروپس کی تجویز

اسلام آباد(نیوز رپورٹر،وقائع نگار)ایرانی وزیر برائے روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر ریلویز حنیف عباسی کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔

 دوستانہ اور باہمی تعلقات  کو مزید فروغ دینے بالخصوص ذرائع آمدورفت میں بہتری کیلئے مختلف امور زیر غور آئے، ایران کی پاکستان اور چین کے ساتھ سلک روڈ منصوبے میں شرکت اور گوادر سے چاہ بہار بحری روٹ پر باہمی تجارت میں فروغ پر بات چیت ہوئی۔ ایرانی وزیر نے کہا پاکستان اور ایران کے مابین گاڑیوں کی موجودہ تعداد میں اضافہ ضروری ہے، ہم کوئٹہ تا زاہدان روٹ میں بھی جدت لا سکتے ہیں۔ وزیر مواصلات نے دونوں ممالک کے ورکنگ گروپس کی تجویز دی۔ عبدالعلیم خان نے ایرانی وزیر کو 23 اور 24 اکتوبر کو پاکستان میں منسٹریل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ حنیف عباسی نے اسلام آباد، تہران اور استنبول ریل منصوبے کا از سر نو جائزہ لینے کا یقین دلاتے ہوئے کہا پاکستان تا زاہدان ریلوے ٹریک اپ گریڈ اور تعداد میں اضافہ کریں گے۔ جام کمال نے تجارت کے حجم میں اضافے اور مختلف امور پر بریفنگ دی اور کہا کئی شعبوں میں خاطر خواہ گنجائش موجود ہے۔ پاکستان اور ایران نے دوطرفہ معاشی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تجارتی، سرحدی اور باہمی اعتماد پر مبنی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق بھی کیا ہے۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان کی ایرانی وزیر برائے صنعت، کان کنی و تجارت محمد آتابک سے ملاقات میں سامنے آئی ۔ محمد آتابک نے پاکستان کی حکومت اور وزارت تجارت کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب ضروری ہے کہ اس پیش رفت کو منظم اور نتیجہ خیز تجارتی ڈھانچے میں ڈھالا جائے ۔جام کمال خان کاکہناتھاکہ سفارت کاری میں ایک لمحہ آتا ہے جب لوہا گرم ہوتا ہے اور یہ وہی لمحہ ہے ، ہمیں فوراً اقدام کرنا ہوگا کیونکہ تاخیر معاملات کو مزید الجھا دیتی ہے ۔دونوں وزراء نے زراعت، مویشی پالنا، خدمات، توانائی، اور سرحد پار لاجسٹکس جیسے مخصوص شعبوں کی نشاندہی کو باہمی تعاون کیلئے اہم قرار دیا۔ دونوں وزراء نے موجودہ تجارتی راہداریوں اور سرحدی سہولیات کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر بھی اتفاق کیا۔ قبل ازیں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال نے کہاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کا فروغ چاہتے ہیں،سرحدی تجارت کے فروغ کی حوصلہ افزائی کریں گے ، تجارت کے دستیاب مواقع سے استفادہ کرنا ہو گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں