عمران خان کا جیل ٹرائل منسوخ، عدالت میں سماعت، ویڈیو لنک پر پیشی ہوگی

عمران خان کا جیل ٹرائل منسوخ، عدالت میں سماعت، ویڈیو لنک پر پیشی ہوگی

راولپنڈی، اسلام آباد(خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے)پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9مئی کے تمام 12مقدمات کا جیل ٹرائل منسوخ کرتے ہوئے پرانا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ اس حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت جی ایچ کیو حملہ کیس اور 9 مئی کے دیگر 11 مقدمات کی سماعت اب انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت میں ہی ہو گی اور دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری بذریعہ ویڈیو لنک کی جائے گی۔

عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ ہم ویڈیو لنک کے ذریعے بانی کی پیشی کے خلاف درخواست دائر کریں گے ہمارا موقف ہے کہ اگر جیل میں ٹرائل نہیں ہونا تو بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا جائے ۔سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں استغاثہ کے مزید دو اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لئے ہیں جن پر ملزموں کے وکلا کی جانب سے جرح بھی مکمل کرلی گئی ۔عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ۔اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر دونوں ملزموں کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی فیملی موجود تھی ، دوران سماعت سابق ملٹری سیکرٹر ی بریگیڈئیر محمد احمد اور سابق ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کرنل ریحان پر مشتمل دونوں گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے اس طرح توشہ خانہ ٹو کیس میں مجموعی طور پر 18 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہونے کے بعد جرح بھی مکمل کرلی گئی۔

توشہ خانہ ٹو کیس کی آج اڈیالہ جیل میں طے شدہ سماعت اچانک منسوخ کر دی گئی۔بتایاجاتاہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کو سماعت منسوخی سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ۔ عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی، جس کی تاریخ سے متعلق وکلا کو جلد مطلع کیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی رخصت کے باعث بانی پی ٹی آئی کے میڈیا بیانات پر پابندی ختم کرانے کیلئے درخواست پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فرحت جبیں رانا نے اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان پر انڈا پھینکنے والی لڑکی پر مقدمہ کے اندراج کے خلاف دائر درخواست کو التوا میں رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت درخواست سے متعلق ریکارڈ چیک کرکے فیصلہ کرے گی۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملاقات میں پیغام دیا ہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم ٹوٹ جائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے ۔ پارٹی کا وقت ہے کہ اصل اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے ۔

پارٹی لیڈر شپ سے کہتا ہوں اگر صحیح اپوزیشن نہ کی گئی تو آپ اپنی سیاسی قبریں کھودیں گے ۔توشہ خانہ ٹو کی سماعت کے بعد علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے ملاقات میں کہا جو مرضی کرلیں میں غلامی قبول نہیں کرونگا۔ بانی نے کہا ہے آپ نے اپنے اقتدار کیلئے پی ٹی آئی کو کرش کیا لیکن جب الیکشن ہوا تو عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔آج رول آف لاء اور جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے ۔اس عرصہ میں پاکستان کے اندر سب سے کم سرمایہ کاری آئی ہے ۔آپ نے اس قوم کو مقروض کردیا ۔پاکستان بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال کے حالات کی طرف جا رہا ہے ، انہوں نے لیڈر شپ کو کہا ہے ڈر کے گھر میں بیٹھنے کا وقت نہیں ہے ،27 تاریخ کو پشاور جلسے میں پوری قوم نکلے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں