منیارٹی کارڈ کا مقصد اقلیتوں کی ترقی ،تحفظ:مریم اورنگزیب
مخالفین بھی مان رہے پنجاب میں کام ہو رہا، منیارٹی کارڈایک لاکھ کردیئے کرسمس ٹری 25 دسمبر تک جگمگاتا رہے گا ، تقریب سے پنجابی میں خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ منیارٹی کارڈ ایک تحفہ ہے ، اصل مقصد اقلیتوں کی ترقی اور تحفظ ہے ،مریم نواز نے منیارٹی کارڈ75 ہزار سے ایک لاکھ کردیئے ہیں ،مسیحی برادری کے کردار کو سلام، پاکستان کا پرچم اقلیتوں کے بغیر مکمل نہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے لبرٹی چوک میں بین المذاہب ہم اہنگی کرسمس تقریب سے پنجابی میں خطاب کرتے کہا پنجاب آج محفوظ ہے ، ترقی کی باگ ڈور شہباز شریف اور مریم نواز کے ہاتھ میں ہے ،مریم نواز پنجاب کی بہاریں واپس لارہی ہیں۔ صوبہ میں ہر مذہب، ہر سوچ اور ہر طبقے کی نمائندگی ہو رہی ہے ، ایک لاکھ بچوں کو لیپ ٹاپ، 50 ہزار کو سکالرشپس دیئے جا رہے ہیں۔ ایک ہزار فیلڈ ہسپتال اور کلینکس آن ویلز عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ پنجاب میں 1100 گرین بسیں چل رہی ہیں اور ڈیڑھ سال میں خدمت کی نئی مثال قائم کی گئی ہے ۔ اپنا گھر سکیم کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو گھر فراہم کیے جا چکے ہیں۔ مخالفین بھی مان رہے ہیں کہ پنجاب میں کام ہو رہا ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ لبرٹی چوک میں نصب کرسمس ٹری 25 دسمبر تک جگمگاتا رہے گا۔اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیرا قلیتی امور رمیش سنگھ آروڑا نے ریلی سے خطاب کرتے کہا پنجاب کی وزیر اعلیٰ اقلیتوں کو اگر اپنے سر کا تاج کہتی ہیں اس کو ثابت بھی کر کے دکھاتی ہیں ،مسیحی قبرستانوں پر کوئی قبضہ نہیں کر سکتا ۔