قائدا عظم کا آج 149واں یوم پیدائش منایا جائیگا، تقریبا ت کا اہتمام
اسلام آباد،لاہور (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار ،سپیشل رپورٹر) بانی پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناحؒ کا 149واں یوم پیدائش آج جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔
اس سلسلے میں ملک بھر میں تقریبات ہوں گی ، جن سے خطاب کے دوران مقررین بانی پاکستان کی ملک و ملت کیلئے گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے ، ریڈیو اور ٹی وی چینلز خصوصی پروگرام پیش کریں گے جبکہ قومی اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے اور اُس یقینِ محکم اور انتھک محنت کو یاد کرنے کا جس نے پاکستان کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا،اُن کی قیادت اور اصول آج بھی ہمارے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہو کر قائد اعظم کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ قائداعظم کے سنہری اصول ایمان، اتحاد، تنظیم نہ صرف درخشاں قومی مستقبل کی ضمانت ہیں بلکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کیلئے بھی مشعل راہ ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِاعظم آئین پسندی، قومی وحدت اور جمہوری اقدار پر غیر متزلزل یقین کی ایک لازوال علامت ہیں۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین عمل یہی ہے کہ ہم سب ان کے بتائے گئے رہنما اصولوں ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوں۔ علاوہ ازیں فیلڈ مارشل چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قائداعظم کے وژن، مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کیلئے پُرعزم ہیں۔ ایمان، اتحاد اور نظم قائداعظم کے وہ اصول ہیں جو آج بھی افواجِ پاکستان کی رہنمائی کر رہے ہیں، افواجِ پاکستان کی جانب سے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد بھی دی گئی اورمسیحی برادری کی قومی ترقی میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔