چیلنجز نعروں سے نہیں خدمت سے حل ہونگے :بلاول
سندھ علم کی سرزمین ،جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب حکومتی اتحادی رہیں گے :پارلیمانی پارٹی ،آرڈیننس کا نوٹس اچھی بات :پرویز اشرف
کراچی(دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملکی درپیش چیلنجز صرف نعروں سے نہیں خدمت کے جذبے سے حل ہوں گے ۔ کراچی میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ ہمیشہ سے علم، برداشت اور ثابت قدمی کی سرزمین رہا ہے ، وادی سندھ کی تہذیب سے لیکر جدید کراچی تک اس مٹی نے مفکرین، معالجین اور مصلحین پیدا کیے ،پاکستان کوآج بھی صحت کے شعبے میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ، زچہ وبچہ کی اموات،غذائی قلت،موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا بیماریاں کا سامنا ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شعبہ طب میں ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے ، ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن سے علاج ممکن ہورہا ہے ،پاکستان کو غذائی قلت جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے ، تقریب کے آغاز میں غزہ کے شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن صرف تقسیم اسناد کا نہیں بلکہ ایک اہم سنگِ میل ہے ،فارغ التحصیل طلبہ نے صرف ادویات ہی نہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی، ذہنی صحت اور دیگر اہم شعبوں کے بارے میں بھی تعلیم حاصل کی ہے جو موجودہ دور کی بنیادی ضرورت ہے ۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ایک طاقتور نام کی حامل درسگاہ ہے جس کا تعلق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے جڑا ہوا ہے اور اس نام کے ساتھ نظم و ضبط اور ذمہ داری بھی وابستہ ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی ورچوئل صدارت کی جس میں صدر کی منظوری کے بغیر آرڈیننس کے اجرا سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف نے ن لیگ سے اختلافات ختم ہونے کی تصدیق کردی۔اجلاس میں صدر کی منظوری کے بغیر آرڈیننس کے اجرا پر مشاورت کی گئی جبکہ اراکین نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز سے متعلق شکایات کیں۔ راجہ پرویز اشرف نے پیپلزپارٹی اورن لیگ کے اختلافات ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی یکسوئی کیساتھ سسٹم کے ساتھ کھڑی ہے ، پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل انہیں سے پوچھیں وہی بتا سکتے ہیں، اتحادی ہیں اتحادی رہیں گے ، مجھے سسٹم میں تبدیلی نظرنہیں آرہی،حکومت نے آرڈیننس پر ہمارے واک آئوٹ کا نوٹس لیا،جو اچھی بات ہے۔