5 ڈسکوز کی نجکاری کرنے جا رہے ہیں:چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن
پی آئی اے ڈیل میں زیادہ زمین نہیں دی، یہ لوگ جہاز بیچ سکتے ہیں :محمد علی یہاں صرف بڑی کمپنیاں لون لیکر کام کر سکتی ہیں، عام آدمی نہیں:محمد زبیر
لاہور(آئی این پی )چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن محمد علی نے کہا ہے کہ نجکاری کا مقصد صرف یہ نہیں کہ کچھ بیچ دینا ہے ، اسکے اور مسائل ہیں، اس سال 5 ڈسکوز کی نجکاری کرنے جا رہے ہیں،پی آئی اے کی ڈیل میں بہت زیادہ زمین نہیں دی گئی، اگر یہ لوگ جہاز بیچنا چاہتے ہیں تو بیچ سکتے ہیں کیونکہ وہ 20 سال پرانے ہیں۔سابق چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا کہ یہاں صرف بڑی کمپنیاں ہی لون لے کر کام کر سکتی ہیں، عام آدمی نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے الحمرا آرٹس کونسل میں تین روزہ تھنک فیسٹ 2026 کے آخری روز نجکاری آسان راستہ یا بنیادی اصلاحات کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا کہ ہمارے پاس نجکاری کمیشن میں 20 سال پرانے کیسز بھی پڑے ہیں، انویسٹرز نے کورٹ سے رجوع کر لیا اور بھی معاملات رہے ، پی ٹی سی ایل میں سب جانتے ہیں 800 ملین ڈالر کا مسئلہ ہے ،نجکاری کا مقصد یہ نہیں ہے کہ کسی قسم کی مناپلی پیدا ہو۔
نجکاری سے مناپلی پیدا ہوئی تو جی ڈی پی نہیں بڑھے گی، اس عمل میں خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ مقابلہ پیدا ہو مناپلی نہیں۔نجکاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سب سے بڑی غلط فہمی یہ ہے کہ ہم سونا بیچنے جا رہے ہیں، نجکاری سے پہلے یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ ہم نجکاری کرنے کس کی جا رہے ہیں، بینک کا حوالہ دیا جاتا ہے ، بینک پیسہ اس لئے کما رہے ہیں کیوں کہ اس وقت پالیسی صحیح تھی۔انہوں نے بتایا کہ ہم اس سال 5 ڈسکوز کی نجکاری کرنے جا رہے ہیں، اس معاملے پر بہت سی چیزوں پر ابھی کام چل رہا ہے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا کہ میں شروع سے نجکاری پر بات کر رہا ہوں، میں تو نجکاری کی بات 2013 سے کر رہا ہوں، لیکن جو یہ پی آئی اے ڈیل ہوئی اس میں بہت سارے فوائد دئیے گئے ہیں، اس سے پہلے جو 10 ارب روپے بولی لگی اس کو یہ فوائد نہیں دئیے گئے ۔